پشاور میں چوہا مارنے پر 25 روپے انعام

30 مارچ 2016
ضلعی انتظامیہ نے شہر سے چوہوں کے خاتمے کے لیے ان کے 'سر کی قیمت' مقرر کردی— فائل فوٹو/ اے ایف پی
ضلعی انتظامیہ نے شہر سے چوہوں کے خاتمے کے لیے ان کے 'سر کی قیمت' مقرر کردی— فائل فوٹو/ اے ایف پی

پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر سے چوہوں کے خاتمے کے لیے ان کے 'سر کی قیمت' مقرر کردی.

ناظمِ شہر محمد عاصم خان کی سربراہی میں اس مسئلے کے حل کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جہانگیر خان، پبلک ہیلتھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد عاطف اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران نے شرکت کی.

یہ مسئلہ اُس وقت اجاگر ہوا جب حال ہی میں پشاور کے مضافاتی علاقے حسن گڑھی میں ایک نومود بچہ چوہے کے کاٹنے کی وجہ سے ہلاک ہوگیا تھا.

مزید پڑھیں:پشاور: چوہے کے کاٹنے سے 8 ماہ کا بچہ ہلاک

اجلاس کے دوران ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ شہر میں جو کوئی بھی چوہا مارے گا، اسے انعام کے طور پر فی چوہا 25 روپے دیئے جائیں گے.

اس مقصد کے لیے شہر کے چاروں ٹاؤنز میں مخصوص پوائنٹس بنائے گئے ہیں اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ چوہے ان مقامات پر لاکر پھینکیں اور اپنے انعام حاصل کریں.

اس کے ساتھ ساتھ ایک موبائل سروس کا بھی آغاز کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہر کے مضافات میں مارے جانے والے چوہے جمع کیے جاسکیں.

ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ حکام کو شہریوں کو چوہے مار زہر تقسیم کرنے کی بھی ہدایت کی.

چوہوں کے خلاف آپریشن کے سربراہ نصیر احمد کا کہنا تھاکہ 'شہر کو چوہوں سے صاف کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کیا جائے گا'.

یہ بھی پڑھیں:پشاور میں چوہوں کی بہتات، معاملہ ہائی کورٹ میں

واضح رہے کہ یہ معاملہ حال ہی میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایک رکن کے 'توجہ دلاؤ نوٹس' کے بعد زیر بحث آیا.

صوبائی وزیر صحت شہرام خان ترکئی نے سوال اٹھایا تھا، 'آیا یہ چوہے کسی اور نے صوبے میں بھیجے ہیں'.

جس پر اراکین اسمبلی کی جانب سے انتہائی دلچسپ ریمارکس سننے کو ملے تھے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Imran Mar 30, 2016 04:16pm
اگر کوئی بوری بھر کر لے آئے اور دعویٰ کرے کہ یہ 500 ہیں تو انتظامیہ گنتی کرے گی اسکی۔