کامیابی ہواؤں کی طرح آتی جاتی رہتی ہے، اکشے

08 اپريل 2016
بولی وڈ اداکار اکشے کمار — فوٹو/ فائل
بولی وڈ اداکار اکشے کمار — فوٹو/ فائل

بولی وڈ میں کھلاڑی کے نام سے جانے جانے والے کامیاب اداکار اکشے کمار کا کہنا ہے کہ کامیابی ہواؤں کی طرح آتی جاتی رہتی ہے لیکن ایک اچھی فلم اگر شائقین کے دل کو چھو جائے تو ہمیشہ ان کے ساتھ رہتی ہے۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق اکشے کمار کا کہنا تھا ’وہ دن گئے جب میں اپنی کامیابی کے ذریعے اپنی اہمیت ثابت کرتا، اب میں ایسی فلمیں بناتا ہوں جو میرے لیے اہم ہوں پھر وہ چاہے جذباتی ہوں، مزاحیہ یا ان میں کوئی سماجی پیغام ہو۔ میں اپنی فیملی کو خوش کرنے کے لیے کام کرتا ہوں ساتھ ہی وہ جس سے میرے مداحوں کو بھی خوشی ملے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'کامیابی ہواؤں کی طرح آتی جاتی رہتی ہے لیکن وہ فلمیں جو کسی کے دل کو چھو لیں وہ ہمیشہ ان کے ساتھ رہتی ہیں۔'

مزید پڑھیں: اکشے کمار کی کامیاب واپسی

اکشے کمار بولی وڈ کے ان چند اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے اپنے کیرئیر میں ہر قسم کا کردار ادا کیا ہے، کامیڈی ہو، ایکشن فلم ہو، رومانوی کہانی ہو یا پھر وطن سے محبت پر بنائی جانے والی فلمیں اکشے نے ہر کردار میں ناقدین اور شائقین کی خوب داد وصول کی ہے۔

اکشے کا مزید کہنا تھا ’ڈر ہماری روح کا ایندھن ہے، اگر ہم ڈریں گے نہیں تو ہوسکتا ہے کہ سست ہوجائیں، آج بھی ورسٹائل کردار مجھے پرجوش کردیتے ہیں، جس دن مجھے ایسا محسوس ہوا کہ میں مطمئن ہوں وہ میرے لیے آخری دن ہوگا، فی الحال میں آج بھی ملنے والے مواقع پر بہت پرجوش ہوتا ہوں اور مجھے انتظار رہتا ہے کہ میرے ہدایت کار میرے لیے کیسا کردار لا رہے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: اکشے کمار کی فلم 'بے بی' پر پاکستان میں پابندی عائد

اکشے کمار کی آخری ریلیز فلم ’ایئر لفٹ‘ تھی جسے باکس آفس پر اچھا ردعمل موصول ہوا، اکشے کمار اس وقت اپنی فلم ’ہاؤس فل‘ کے تیسرے حصے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

’ہاؤس فل 3‘ رواں سال 3 جون کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں