انضمام الحق افغانستان ٹیم کی کوچنگ سے مستعفی

17 اپريل 2016
انضمام کی کوچنگ میں افغان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شکست دی—فوٹو: اے ایف پی
انضمام کی کوچنگ میں افغان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شکست دی—فوٹو: اے ایف پی

کراچی:قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے چیف سلیکٹربنانے کے فیصلے کے بعد افغانستان ٹیم کے کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

انضمام الحق نے افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے ساتھ رواں سال کے اختتام تک معاہدے پر دستخط کئے تھے۔ ان کی کوچنگ میں افغان ٹیم نے حال ہی میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سپر 10 مرحلے میں رسائی کی اور عالمی چمپین ویسٹ انڈیز کو غیرمتوقع شکست سے دوچارکیا تھا۔

اے سی بی کے سربراہ شفیق ستنکزئی نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ انھیں پی سی بی کے سربراہ نے انضمام کے معاہدے کو ختم کرنے کی درخواست کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'شہریارخان نے آج مجھے فون پر کہا کہ وہ انضمام الحق کو بورڈ میں ذمہ داری دینا چاہتے ہیں جس کے لیے آپ کی مدد درکار ہے'۔

مزید پڑھیں: افغانستان کرکٹ بورڈانضمام کامعاہدہ ختم کرنے کو تیار

واضح رہے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ہیڈ کوچ وقاریونس اور کپتان شاہد آفریدی نے استعفیٰ دیا تھا جبکہ خصوصی کمیٹی کی سفارش پرسلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید سمیت تمام ارکان کو بھی فارغ کردیا گیا تھا۔

انضمام الحق نے پاکستان کی جانب سے 378 ون ڈے اور 120 ٹیسٹ میچ کھیلے جبکہ 2012 میں مختصر وقت کے لیے بیٹنگ کنسلٹنٹ بھی رہے۔

پی سی بی کی جانب سے انضمام کو چیف سلیکٹربنانے کے فیصلے کو آئی سی سی کے صدرظہیر عباس، سابق بلے باز محمد یوسف اور مایہ ناز اسپنرسعید اجمل نے خوش آئند قرار دیا جبکہ وقاریونس بھی اس تقرری کے حامی تھے۔

وقاریونس نے کہا تھا کہ پی سی بی ان کی جانب سے 2015 ورلڈ کپ کے بعد دی گئی تجاویز پر عملدرآمد شروع کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھی: وقار، انضمام کو چیف سلیکٹر بنانے کے حامی

ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ انضمام کے وسیع تجربے کے مطابق یہ بہت اچھا فیصلہ ہے جو پی سی بی کو مستقبل میں ایک اچھی ٹیم کی تشکیل میں مدد گار ثابت ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کو اپنی جگہ پر واپس لانے کے لیے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے جس میں سلیکشن کا شعبہ کھیل کی بہتری کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور نئے چیف سلیکٹر بہترین فیصلوں کے ذریعے اچھے اقدامات اٹھا ئیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے پی سی بی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس عہدے کے لیے انضمام الحق اچھا انتخاب تھے۔

سابق بلے باز کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان ایک مضبوط ٹیم کی تشکیل چاہتا ہے تو اس کو موجودہ نظام کو ہرحال میں درست کرنا چاہیے۔

سعید اجمل نے کہا کہ انضمام الحق کے انتخاب جیسے درست اقدامات سے ہی پاکستان کرکٹ کی عظمت کو بحال کیا جاسکتا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں