شام: ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ شام کے دوسرے بڑے شہر حلب کے قریب لڑائی میں ان کے متعدد فوجی ہلاک ہوگئے ہیں، اس نقصان کو شام میں ایران کا اب تک کا سب سے بڑا نقصان قرار دیا جارہا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حکومت مخالف عسکریت پسندوں نے حلب سے 15 کلومیٹر دور دفاعی لحاظ سے اہم ترین گاؤں خان تومان پر قبضہ حاصل کرلیا تاہم کئی دنوں کی اس لڑائی میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے۔

فارس نیوز ایجنسی نے پاسداران انقلاب کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ مذکورہ لڑائی میں 13 ایرانی فوجی ہلاک اور 21 زخمی ہوئے ہیں۔

خان تومان پر حکومت مخالف گروپوں جیش الفتح اور القاعدہ سے منسلک النصرہ فرنٹ نے حملہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں امریکا اور روس نے حلب میں فضائی کارروائی کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی جس کے بعد جیش الفتح اور النصرہ فرنٹ نے ملک میں پانچ سال سے جاری خانہ جنگی کو ختم کرنے کیلئے ہونے والی تمام سفارتی کوششوں کو مسترد کردیا۔

شام میں کام کرنے والی برطانوی انسانی حقوق کی تنظیم کا کہنا تھا کہ شامی اور روسی طیارے مسلسل عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنارہے ہیں، جس کی وجہ سے رواں سال فروری میں ہونے والا جنگ بندی کا معاہدہ عملی طور پر ختم ہوگیا ہے۔

جیش الفتح اور اس سے منسلک تنظیموں نے سوشل میڈیا پر نشر کی جانے والی ویڈیو اور تصاویر میں مذکورہ ہلاک ہونے والے ایرانی فوجیوں کی لاشوں کو دکھایا ہے۔

ان ویڈیوز میں ہلاک ہونے والے ایرانی فوجیوں سے برآمد ہونے والی ایرانی کرنسی، ان کی ذاتی دستاویزات اور دیگر چیزیں دیکھائی گئی ہیں۔

ایسی رپورٹس بھی گردش کررہی ہیں کہ مذکورہ ہلاک ہونے والے ایرانی فوجیوں میں سے بیشتر وہ افغان مہاجرین ہیں جن کو ایران میں ٹریننگ دے کر شام میں لڑائی کیلئے بھیجا گیا تھا۔

پاسداران انقلاب کے جاری بیان میں عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ عسکریت پسندوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری نفسیاتی جنگ سے متاثر نہ ہو۔

خیال رہے کہ شام میں گذشتہ پانچ سال سے صدر بشار اسد کے خلاف جاری کشیدگی میں ایرانی فوجیں شامی فوجوں کو مدد فراہم کررہی ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ شام میں گذشتہ پانچ سال سے جاری خانہ جنگی میں اب تک 250,000 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور کچھ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ تعداد 400,000 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

فضائی کارروائیوں میں داعش کے 48 جنگجو ہلاک

ترک نیوز ایجنسی اناطولیئن نے ترک فوج کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ شام کے 5 مختلف مقامات پر امریکی اتحادیوں کے فضائی حملوں میں داعش کے 48 جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔

نیوز ایجنسی کے مطابق ایف-16 اور اے-10 جنگی طیاروں نے حرجلہ، دہلہ، بارغیتہ اور حوار کیلیس میں فضائی کارروائیوں کے دوران داعش کے 44 جنگجوؤں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا۔

جبکہ داعش کے دیگر 4 جنگجو کاراکوپرو کے علاقے میں فضائی کارروائیوں کے دوران ہلاک ہوئے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں