لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے پنجاب میں سینئر رہنما راجہ ریاض نے پی پی پی چھوڑنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

راجہ ریاض کے قریبی ذرائع دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے، اس حوالے سے وہ عمران خان سے ملاقات بھی کر چکے ہیں۔

تحریک انصاف کے اندرونی ذرائع نے بھی راجہ ریاض کی عمران خان سے ملاقات کی تصدیق کی ہے۔

ڈان نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ راجہ ریاض نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور سے اختلافات کے باعث کیا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پنجاب کے سینئر رہنما طویل عرصے سے صوبے میں کسی بھی قسم کا بڑا عہدہ نہ ملنے پر بھی دلبرداشتہ تھے۔

ڈان نیوز کے نمائندے عباس حیدر کی رپورٹ کے مطابق راجہ ریاض تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان 20 مئی کو فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے میں کریں گے۔

تحریک انصاف کے پارٹی ذرائع کے مطابق راجہ ریاض نے دو روز قبل (بدھ کو) عمران خان سے ملاقات کی تھی ، جس میں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی۔

راجہ ریاض کا موقف ہے کہ فریال تالپور پارٹی معاملات چلانے میں مشکلات پیدا کر رہی تھیں، اس حوالے سے آصف علی زرداری کی مداخلت کے باوجود معاملات درست نہ ہوئے تو انہوں ںے مجبور ہو کر پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

خیال رہے کہ راجہ ریاض شریف برادران کے سخت نقاد سمجھے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : راجہ ریاض کا نواز اور شہباز پر 10 سال کی پابندی کا مطالبہ

انہوں نے 90 کی دہائی میں سیاست میں باقاعدہ حصہ لینا شروع کیا۔

راجہ ریاض بطور قانون ساز 1993 پہلی بار رکنِ پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ صدر فاروق لغاری کی جانب سے پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت کی برطرفی تک صوبائی اسمبلی کے رکن رہے۔

دوسری بار وہ 2000 میں رکنِ پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ 2008 کے انتخابات میں انہیں تیسری بار فیصل آباد کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 65 سے کامیابی حاصل ہوئی۔

2008 کے انتخابات کے بعد ان کی سیاسی اہمیت میں اضافہ ہوا اور پیپلز پارٹی نے انہیں پنجاب اسمبلی میں اپنا پارلیمانی قائد مقرر کیا۔

2011 میں جب پی پی پی نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا تو راجہ ریاض کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بنایا گیا، وہ 2013 تک صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی رہے۔

2013 کے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ٹکٹ پر فیصل آباد سے صوبائی اسمبلی کی رکینت کے لیے انتخابات میں ان کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حاجی محمد الیاس انصاری کے مقابلے میں بہت بڑے مارجن سے شکست ہوئی تھی، پی پی-65 پر عام انتخابات میں مسلم لیگ کے حاجی محمد الیاس انصاری کو 64645 ووٹ ملے تھے، راجہ ریاض نے 17571 اور تحریک انصاف کے حماد خان نے 14654 ووٹ حاصل کیے تھے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں