یاسر شاہ دورہ انگلینڈ سے قبل زخمی

یاسرگزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران بھی انجری کا شکار ہوئےتھے—فوٹو: اے ایف پی
یاسرگزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران بھی انجری کا شکار ہوئےتھے—فوٹو: اے ایف پی

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر گھٹنے کی انجری کے باعث کاکول میں جاری قومی ٹیم کی فٹنس بہتر بنانے کے لیے قائم تربیتی کیمپ سے باہر ہوگئے ہیں اور چار ہفتوں کے لیے بحالی کے کے عمل سے گزریں گے۔

یاسر شاہ انجری کے باعث گزشتہ روز کاکول میں جاری تربیتی کیمپ سے باہر ہوگئے تھے جس کے بعد پی سی بی نے انھیں ڈاکٹروں کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق یاسر شاہ بائیں گھٹنے کی پرانی انجری کا شکار ہیں جس کے باعث انھیں فٹنس کیمپ سے واپس بلا لیا گیا ہے۔

یاسر گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے تاہم ایم آر آئی کی رپورٹ کے مطابق آپریشن کی ضرورت نہیں تھی جبکہ اس سے قبل ٹیسٹ سیریز کے دوران ریڑھ کی ہڈی میں درد کے باعث ایک میچ سے باہر ہو گئے تھے۔

لیگ اسپنرممکنہ طورپر انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل مکمل فٹ ہوں گے تاہم سیریز سے قبل ہمپشائر ٹیم کے کنڈیشنگ کیمپ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔

یاسر شاہ کو گزشتہ سال دسمبر میں مثبت ڈوپ ٹیسٹ کے باعث عارضی پر معطل کیا گیا تھا اس دوران وہ نیوزی لینڈ کا دورہ، پاکستان سپر لیگ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی سے محروم ہوگئے تھے بعد ازاں ان کی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے کھیلنے کی اجازت دی گئی تھی۔

دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان جون کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔

یاسر ٹیسٹ کرکٹ کی باؤلرز کی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں انھوں نے صرف 12 میچوں میں 76 وکٹیں حاصل کی ہیں جس میں سے 49 وکٹیں 2015 میں حاصل کر چکے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں