مورینیو کو مانچسٹر یونائیٹڈ کا منیجر بنانے پر اتفاق

اپ ڈیٹ 23 مئ 2016
ہوزے مورینیو اس سے قبل ریال میڈرڈ اور چیلسی کے منیجر بھی رہ چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
ہوزے مورینیو اس سے قبل ریال میڈرڈ اور چیلسی کے منیجر بھی رہ چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

انگلینڈ کے مشہور فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے ایف اے کپ جیتنے کے باوجود ٹیم کے منیجر لوئس وین گال کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور ان کی جگہ ہوزے مورینیو کو منیجر بنانے کا اعلان اگلے ہفتے کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ گزشتہ دونوں سیزن کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی اور اس سیزن میں اس کی کارکردگی میں مزید تنزلی سے دوچار ہوئی جس کے سبب کلب کے مداحوں کی جانب سے مستقل منیجر کو ہٹانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

ٹیم کی گرتی ہوئی کارکردگی خصوصاً چیمپیئنز لیگ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکامی کو دیکھتے ہوئے کلب کے حکام نے فوری تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے اپریل کے آخری ہفتے میں ہوزے مورینیو سے رابطہ کیا جنہوں نے منیجر کا عہدہ قبول کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

مورینیو نے فوری طور پر ٹیم کو جوائن کرنے کی درخواست تھی تاکہ وہ ٹیم کا جائزہ لے کر ٹرانسفر کیلئے اہم فیصلے کر سکیں اور حکام نے ان کی درخواست قبول کر لی ہے۔

اثرورسوخ کے حامل مورینیو کے ایجنٹ جورج مینڈس منگل کو چین سے مانچسٹر پہنچ رہے ہیں لیکن تمام تر معاملت پہلے ہی طے ہو چکے ہیں اور کلب اعلان سے قبل کچھ وقت لینا چاہ رہا ہے۔

لوئس وین گال بحیثیت منیجر 25 کروڑ پاؤنڈ سے زائد رقم خرچ کرنے کے باوجود کچھ خاطر خواہ تبدیلی نہ لا سکے لیکن ویمبلے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الٹا کلب حکام کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مانچسٹر گزشتہ سیزن ان کھلاڑیوں کو سائن کرنے میں ناکام رہا جنہیں وہ اسکواڈ کا حصہ بنانا چاہتے تھے۔

ابھی تک وین گال کی برطرفی کی تصدیق نہیں کی گئی لیکن اس بات پر مہر اس وقت ثبت ہوئی جب اتوار کو مانچسٹر کے منیجر سے صحافی نے ان کے مستقبل کے حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'سب ختم ہو گیا'۔

ان کے اس مختصر جواب سے میڈیا میں جاری قیاس آرائیوں کی تصدیق ہو گئی ہے کہ وین گال مزید مانچسٹر کے کوچ نہیں رہیں گے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پرتگال سے تعلق رکھنے والے ہوزے مورینیو 1997 سے 2000 بارسلونا میں وین گال کے زیر سایہ کام کر چکے ہیں اور دونوں منیجر اچھے دوست مانے جاتے ہیں۔

مورینیو اس سے قبل ریال میڈرڈ کے ساتھ چیلسی کے دو مرتبہ منیجر رہ چکے ہیں اور ان کے دور میں دونوں کلبوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن اس سیزن چیلسی کی بدترین کارکردگی کے بعد انہیں اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں