’ڈھشوم‘ پاکستان کے خلاف نہیں، ورن دھون

اپ ڈیٹ 20 جولائ 2016
بولی وڈ اداکار جان ابراہم اور ورن دھون — فوٹو بشکریہ/ catchnews.com
بولی وڈ اداکار جان ابراہم اور ورن دھون — فوٹو بشکریہ/ catchnews.com

بولی وڈ اداکار جان ابراہم اور ورن دھون کی آنے والی فلم ’ڈھشوم‘ کے پہلے ٹریلر کو ریلیز کے فوری بعد ہی لوگوں کی داد موصول ہونا شروع ہوگئی، تاہم ٹریلر دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شاید یہ فلم پاکستان میں ریلیز نہ ہو پائے۔

دوسری جانب فلم کی کاسٹ کا ماننا ہے کہ اس میں ایسا کچھ بھی نہیں جس کی وجہ سے اسے پابندی کا سامنا کرنا پڑے۔

واضح رہے کہ ایکشن سے بھرپور فلم ’ڈھشوم‘ میں ورن دھون، جان ابراہم اور جیکولین فرنینڈز اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

فلم میں ویرات کوہلی سے متاثر ہوکر ایک کرکٹ کھلاڑی کو دکھایا گیا ہے جسے پاکستان اور ہندوستان کے فائنل میچ سے قبل اغوا کرلیا جاتا ہے اور جس کی بازیابی کے لیے اداکار حرکت میں آتے ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق فلم کے ٹریلر لانچ کی تقریب کے دوران ورن دھون کا کہنا تھا کہ ان کی فلم پاکستان کے خلاف نہیں اور نہ اس میں پاکستان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ایکشن سے بھرپور ڈھشوم کا ٹریلر ریلیز

ورن کا کہنا تھا ’میں اس بات کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ فلم میں پاکستان یا کسی بھی کمیونٹی کو غلط انداز میں پیش نہیں کیا گیا، ہم اس سے یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ کچھ لوگوں کہ لیے صرف پیسہ ہی ضروری ہے، فلم کسی ہندوستانی، پاکستانی، ہندو، مسلم یا عیسائی کے بارے میں نہیں، ہم جس سرمایہ دارانہ معاشرے میں رہتے ہیں وہاں ہر جرم کے لیے پیسہ سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے‘۔

ورن کا ویرات کوہلی کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ وہ انہیں فلم کے بارے میں بتا چکے ہیں اور اس خیال سے ویرات کو کوئی مسائل نہیں۔

فلم ’ڈھشوم‘ رواں سال 29 جولائی کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں