اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پاناما پیپرز کے تحقیقاتی کمیشن کے حوالے سے اپوزیشن کے پیش کردہ ضوابط کار (ٹی او آر) قبول کرے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے اپنے چیمبر میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) پاناما پیپرز کے تنازع کے حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف سڑکوں پر آنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی، لیکن حکومت ہمیں ایسا کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے مجوزہ کمیشن کے قیام پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں ڈر ہے کہ حکومت کی ضد کی وجہ سے یہ ڈیڈ لاک مزید جاری رہ سکتا ہے۔

خورشید شاہ نے حکومت پر اپوزیشن کے ٹی آو آرز قبول کرنے کے حوالے سے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو معاملے کے حل کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔

یہ خورشید نے دبئی کے دو روزہ دورے سے وطن واپسی پر میڈیا سے پہلی گفتگو تھی، میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی میں انہوں نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں پاناما لیکس کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت دونوں رہنماؤں کی دبئی میں ملاقات کے حوالے سے تجسس رکھتی تھی اور وزیر اطلاعات کی خورشید شاہ سے ملاقات کی ایک وجہ یہ بھی تھی۔

خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری سمیت پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف مختلف مقدمات کا بھی ذکر کیا۔

حکومتی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی، جبکہ عوام کو مہنگائی اور لوڈشیڈنگ سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے۔

سید خورشید شاہ اور پرویز کی ملاقات کے حوالے سے جاری فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیر اطلاعات ملاقات سے قبل، انتہائی عاجزی اور احترام سے خورشید شاہ کے پیر چھو رہے ہیں۔

تاہم پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ٹوئٹ میں اس لمحے کی تصویر کی سرخی کچھ اس طرح دی کہ ’جب یہ مشکل میں ہوتے ہیں تو پاؤں پکڑتے ہیں اور جب مشکل سے نکلتے ہیں تو گلا پکڑتے ہیں۔‘

یہ خبر 14 جون 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں