امجد صابری بھی کوک سٹوڈیو سیزن 9 کا حصہ

25 جون 2016
فوٹو بشکریہ — کوک اسٹوڈیو
فوٹو بشکریہ — کوک اسٹوڈیو

معروف و مقبول قوال امجد صابری نے اس سال پاکستان کے مقبول شو کوک اسٹوڈیو کے سیزن 9 میں ڈیبیو ریکارڈ کروایا تھا تاہم اس کے نشر ہونے سے قبل ہی امجد صابری اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔

واضح رہے کہ امجد صابری کو 22 جون 2016 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں دو موٹر سائیکل سوار افراد نے اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا تھا جس سےوہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: معروف قوال امجد صابری قاتلانہ حملے میں ہلاک

کوک اسٹوڈیو کی جانب سے ریلیز کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق مرحوم امجد صابری بھی 9 سیزن میں پرفارم کرتے نظر آئیں گے۔

پریس ریلیز کے مطابق امجد صابری کی زندگی کی یہ آخری اسٹوڈیو ریکارڈنگ تھی جس میں انہوں نے مقبول گلوکار راحت فتح علی خان کے ساتھ مل کر مشہور قوالی ’آج رنگ ہے‘ پڑھی ہے۔

واضح رہے کہ امجد صابری نے اس سے قبل کوک اسٹوڈیو کے کسی سیزن میں پرفارم نہیں کیا تھا تاہم ان کے والد اور چچا کی مقبول قوالی ’تاجدار حرم‘ کو گلوکار عاطف اسلم نے بخوبی گایا تھا اور اس کلام کی پیشکش میں امجد صابری نے بھی کوک اسٹوڈیو کی مدد کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ’روشن میری تربت کو لللہ ذرا کرنا‘— امجد صابری کا آخری کلام

پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا کہ رواں سال مئی میں ریکارڈنگ کے دوران مرحوم امجد صابری نے بتایا تھا کہ ’تقریباً 40 سال قبل میرے والد اور نصرت فتح علی خان نے یہ کلام کراچی میں ایک درگاہ پر پڑھا تھا، جبکہ اب راحت اور میں اس کو کوک اسٹوڈیو میں دوبارہ پڑھ رہے ہیں‘۔

کوک اسٹوڈیو سیزن 9 شروع ہونے کی تاریخ اب تک سامنے نہیں آئی ہے، مقبول بینڈ اسٹرنگز کے گلوکار بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ بطور ایگزیکٹو پروڈیوسرز مختلف طرز کے میوزک ہدایتکاروں کو اس پلیٹ فارم پر جمع کریں گے۔

مزید پڑھیں: امجد صابری کے قتل پر ہندوستانی مداح بھی غمگین

کوک اسٹوڈیو کے اس سے قبل ریلیز ہونے والے تمام سیزنز میں نامور گلوکاروں نے شرکت کی اور اس شو کو نوجوانوں میں نہایت مقبولیت حاصل ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں