'پاکستان، انگلینڈ کیلئے مشکل حریف ثابت ہوگا'

29 جون 2016
صلو کا کہنا ہے کہ اس دفعہ پاکستانی بیٹنگ انگلینڈ سے کامیابی دلا دے گی—فوٹو: اے ایف پی
صلو کا کہنا ہے کہ اس دفعہ پاکستانی بیٹنگ انگلینڈ سے کامیابی دلا دے گی—فوٹو: اے ایف پی

کراچی: سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے پاس صلاحیت ہے اور وہ انگلینڈ ٹیم کو اگلے ماہ سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں مشکل حریف ثابت ہوں گے۔

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے صلاح الدین کا کہنا تھا کہ مصباح الحق کی ٹیم کا سری لنکا سے موازنہ کیا جائے تو وہ الیسٹرکک کی ٹیم کے لیے مشکل حریف ثابت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستانی ٹیم سری لنکا کے مقابلے میں بہتر ہے ، ہمارے پاس تجربہ کار اور نوجوانوں پر مشتمل اچھی ٹیم ہے اور باؤلنگ میں مشکلات کھڑی کریں گے'۔

مزید پڑھیں: پاکستان ٹیم کی صلاحیتیں ناقابل یقین ہیں:آرتھر

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ 'میں اپنے تجربے کی بنیاد پر جانتا ہوں کہ جولائی اور اگست انگلینڈ میں کرکٹ کے مہینے ہوتے ہیں اور ٹیسٹ سیریز کے دوران موسمی حالات پاکستان کے لیے موزوں ہوں گے'۔

صلو کا کہنا تھا کہ لارڈز جہاں 14 جولائی سے پہلا ٹیسٹ شروع ہوگا، بھی پاکستانی باؤلرز کے لیے زیادہ فائدہ مند ہوگا کیونکہ انھوں نے سری لنکا سیریز کو جانچا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'سری لنکا سیریز کے دوران گیند نیچے رہ رہی تھی جس کا مطلب ہے کہ باؤنس سے بلے بازوں کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا'۔

پاکستان ٹیم کے اوپنر محمد حفیظ اور شان مسعود سے بڑی توقعات وابستہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'دونوں کھلاڑی مختلف اسٹائل کے بلے باز ہیں لیکن وہ انگلینڈ کی کنڈیشن پر کچھ کھیل چکے ہیں اس لیے میں ان کے بطور اوپنر کامیابی کے لیے پراعتماد ہوں'۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف کارکردگی کیلئے بے تاب

صلو نے اسپیشلسٹ اوپنرز کے ہوتے ہوئے اظہرعلی کو بطور اوپنر آزمانے کو غیر دانشمندانہ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'شان یا حفیظ کی انجری کی صورت میں ہمارے پاس سمیع اسلم کی صورت میں متبادل موجود ہے جو انگلینڈ میں انڈر19 کے کپتان کی حیثیت سے کچھ سال قبل بہترین کارکردگی دکھا چکے ہیں'۔

سابق چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ 'تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ انگلینڈ میں ہم نے زیادہ تر میچز باؤلرز کی وجہ سے جیتے ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس دفعہ بہترین کھلاڑیوں کپتان مصباح، یونس خان، اظہر علی، اسد شفیق اور سرفراز احمد کی موجودگی میں بیٹنگ انگلینڈ کے خلاف جتوا دے گی'۔

یہ بھی پڑھیں: 'عامر اب بھی دنیا کا بہترین باؤلر بن سکتا ہے'

پاکستانی باؤلنگ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ 'محمد عامر، وہاب ریاض، راحت علی اور یاسر شاہ تمام بہترین باؤلرز ہیں اور انگلینڈ کے بلے بازوں کا جینا حرام کردیں گے'۔

صلو کا کہنا تھا کہ'ڈسپلن نہ صرف کھلاڑیوں کے ضابطے کے لیے بنیاد ہے بلکہ میدان میں کارکردگی کے لیے بھی اہم ہے، باوجود اس کے مجھے فیلڈنگ سے بھی توقعات ہیں کہ باؤلرز کے لیے بہت اچھی مدد ملے گی'۔

یہ خبر 29 جون کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں