اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے بعد پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) نے بھی الیکشن کمیشن میں وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے لیے پیٹشن دائر کردی۔

عوامی تحریک لائرز وِنگ کے رہنما اشتیاق احمد چوہدری کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے گوشواروں اور ٹیکس ریٹرنز میں اپنے بچوں کے اثاثے چھپائے۔

پٹیشن کے مطابق، 'عوامی نمائندگی ایکٹ کی شق 12، 42 (اے)، 82 اور 99 اور آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت وزیراعظم نا اہل ہوچکے ہیں۔'

مزید پڑھیں:شریف خاندان کی 'آف شور' کمپنیوں کا انکشاف

مزید کہا گیا کہ اندرون و بیرون ملک اثاثہ جات چھپانا ریاست سے غداری ہے، لہذا آئین کے آرٹیکل 5 کے تحت وزیراعظم کی ریاست سے وفاداری مشکوک ہوگئی۔

عوامی تحریک نے پٹیشن کے ساتھ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر بھی جمع کرائی ہے۔

یاد رہے کہ 17 جون 2014 کو سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس کی فائرنگ سے 14 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ عوامی تحریک کی جانب سے یہ ریفرنس ایک ایسے وقت میں دائر کیا گیا ہے، جب پاناما لیکس کے حوالے سے ٹی او آرز پر ابھی تک حکومت اور اپوزیشن جماعتوں میں ڈیڈلاک ختم نہیں ہوسکا۔

جبکہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی جانب سے پہلے ہی اثاثے چھپانے کے الزام پر وزیراعظم کی نااہلی کے حوالے سے ریفرنس دائر کیا جاچکا ہے۔

مزید پڑھیں:اپوزیشن اراکین کو ٹی او آرز کمیٹی سے علیحدگی کی تجویز

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے اراکین کی تقرری کے بعد ہی ریفرنس پر غور کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا اور الیکشن کمیشن کے فعال ہونے تک یہ ریفرنس تعطل کا شکاررہیں گے۔

الیکشن کمیشن نے حال ہی میں 20ویں گریڈ کے افسران کو 21ویں گریڈ پر ترقی دی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن کے 4 اراکین کی ریٹائرمنٹ کے بعد جوائنٹ پروونشل الیکشن کمشنر تنویر ذاکر کو 21ویں گریڈ پر ترقی دے کر سندھ میں بطور صوبائی الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا۔

دوسری جانب صوبہ خیبرپختونخوا کی قائمقام الیکشن کمشنر مسرت خان کو 21ویں گریڈ پر ترقی دیتے ہوئے صوبہ خیبر پختونخوا میں الیکشن کمشنر تعینات کیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل (الیکشنز) ظفر اقبال حسین کو ایڈیشنل سیکریٹری (ٹریننگ) مقرر کردیا گیا۔

بلوچستان کے حسین مجید جعفر کو جوائنٹ پروونشل الیکشن کمشنر سے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں ڈائریکٹر جنرل (الیکشن) کے عہدے پر ترقی دی گئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں