سام سنگ کا نیا گلیکسی نوٹ فون کیسا ہوگا؟

02 جولائ 2016
— فوٹو بشکریہ ایون بلاس ٹوئٹر اکاؤنٹ
— فوٹو بشکریہ ایون بلاس ٹوئٹر اکاؤنٹ

سام سنگ کا نیا فلیگ شپ اسمارٹ فون گلیکسی نوٹ کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان تو نہیں ہوا مگر اس ڈیوائس کی تصویر اور دیگر تفصیلات ضرور لیک ہوکر سامنے آگئی ہیں۔

جی ہاں اکثر اسمارٹ فونز کی تصاویر اور تفصیلات لیک کرنے والے ایون بلاس نے سام سنگ کے نئے گلیکسی نوٹ فون کی تصویر ٹوئیٹ کردی ہے جس میں اس کا نام کا اشارہ واضح طور پر موجود ہے۔

یہ نیا اسمارٹ فون تین مختلف رنگوں میں پیش کیا جائے گا اور یہ اگلے ماہ کسی وقت متعارف کرا دیا جائے گا۔

5.7 انچ کے کواڈ ایچ ڈی سپر امولیڈ ڈسپلے کے حامل اس اسمارٹ فون میں گلیکسی ایس سیون ایج کی طرح ڈوئل ایج اسکرین موجود ہے۔

اسی طرح 6 جی بی ریم، 3600 سے 4 ہزار ایم اے ایچ بیٹری، 12 میگا پکسلز رئیر اور پانچ میگا پکسلز فرنٹ کیمرہ، نیا آئی آر آئی ایس اسکینر، آئی ٹریکنگ ٹیکنالوجی، آئی پی سکس ایٹ ریٹڈ واٹر ریزیزٹنس اور 64 جی بی اسٹوریج جیسے فیچرز اس کا حصہ ہوسکتے ہیں۔

چونکہ یہ نوٹ سیریز کا فون ہے تو اسٹائلوس پین اور خم اسکرین تو اس کا حصہ ہوں گے ہی۔

جیسا بتایا گیا ہے کہ اس کا نام تصویر دیکھ کر ہی معلوم ہوجاتا ہے اور وہ ہے گلیکسی نوٹ 7، جس کی اسکرین پر گلیکسی ایس سیون کی طرح 7 جیسے لفظ کو دیکھا جاسکتا ہے جبکہ اس کے بیک پر بھی گلیکسی نوٹ 7 لکھا ہے۔

یہ فون سام سنگ کی جانب سے آئی فون سیون کے مقابلے پر متعارف کرایا جائے گا اور یہی وجہ ہے کہ اسے ستمبر کی بجائے اگست کے آغاز میں ہی پیش کردیا جائے گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں