نواز شریف کی 48 دن بعد پاکستان واپسی

اپ ڈیٹ 09 جولائ 2016
وزیر اعظم نواز شریف اپنے استقبال کے لیے آنے والوں سے مصافحہ کر رہے ہیں۔ — فوٹو:: بشکریہ پی ایم ایل این ٹوئٹر
وزیر اعظم نواز شریف اپنے استقبال کے لیے آنے والوں سے مصافحہ کر رہے ہیں۔ — فوٹو:: بشکریہ پی ایم ایل این ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف برطانیہ میں اوپن ہارٹ سرجری سے صحتیاب ہونے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

ڈاکٹروں سے سفر کی اجازت ملنے کے بعد وزیرِ اعظم اپنے اہلِ خانہ کے افراد کے ہمراہ پی آئی اے کے خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان واپس پہنچے۔

وطن واپسی پر گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزرا اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے وزیر اعظم کا استقبال کیا، جس کے بعد وہ ہیلی کاپٹری کے ذریعے جاتی عمرہ پہنچے۔

قبل ازایں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’وزیراعظم ہفتے کی شام پاکستان پہنچیں گے‘، انہوں نے وزیراعظم کی صحتیابی کے لیے نیک خواہشات رکھنے پر قوم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے پی آئی اے کا خصوصی طیارہ

خیال رہے کہ پی آئی اے کے ترجمان نے اعلامیہ جاری کیا تھا کہ پی آئی اے کی معمول کی پروازوں میں اتنی نشستیں دستیاب نہیں تھیں، جس کی وجہ سے ایک علیحدہ سے طیارہ مختص کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم کا خصوصی طیارہ لندن سے بغیر کسی مسافر لاہور ایئرپورٹ پر پہنچا۔ طیارے کی لندن تک یک طرفہ پرواز پر تقریباً 50 ٹن ایندھن خرچ ہوا۔

خصوصی طیارے میں وزیراعظم کے اہل خانہ کے علاوہ متعدد اراکینِ قومی اسمبلی بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ رواں برس 31 مئی کو لندن کے ایک ہسپتال میں وزیراعظم نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی۔

وزیراعظم نے دل کے آپریشن کے بعد لندن میں ہی قومی مفادات کونسل اور بجٹ اجلاس کی صدارت بھی کی تھی۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری

آپریشن کے بعد شہباز شریف نے بتایا تھا کہ نواز شریف کے دل کا آپریشن کامیاب رہا اور ان کے 4 بائی پاس ہوئے۔

وزیراعظم ایک ایسے وقت میں طبی دورے پر لندن گئے تھے، جب پاناما لیکس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تحقیقات کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں آف شور کمپنیوں کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لاء فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات سے پاکستان سمیت دنیا کی کئی طاقتور اور سیاسی شخصیات کے مالی معاملات عیاں ہوئے تھے۔

ویب سائٹ پر موجود ڈیٹا کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کے بچوں مریم، حسن اور حسین ’کئی کمپنیوں کے مالکان ہیں یا پھر ان کی رقوم کی منتقلی کے مجاز تھے‘۔

مزید پڑھیں: نوازشریف کاخصوصی طیارہ، تحریک انصاف کا عدالت جانے کا اعلان

دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لندن سے وزیراعظم نوازشریف کو پی آئی اے کے خصوصی طیارے میں وطن واپس لانے پر عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔


ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

KH Jul 10, 2016 11:02am
Welcome to Pakistan...