لندن: لارڈز کے گراؤنڈ میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے 10 وکٹیں حاصل کرکے پہلے ایشیائی کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

لارڈزمیں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں یاسرشاہ نے اپنی گھومتی گیندوں سے انگلش بلے بازوں کو چکرا کر رکھ دیا اور مجموعی طور پر 10 انگلش بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

میچ کی پہلی اننگز میں یاسرشاہ نے 6 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو اننگز میں لیڈ دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کیخلاف کامیابی

دوسری اننگز میں بھی یاسرکی بل کھاتی گیندوں کا انگلش بلے بازوں کے پاس کوئی جواب نہیں تھا، یاسرشاہ نے دوسری اننگز میں 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

واضح رہے کہ یاسر شاہ لارڈز میں 10 وکٹیں حاصل کرکے، ایسا کرنے والے پہلے ایشائی کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے لارڈز ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے سابق باؤلر چارلی ٹرنر کا 13 ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا 123 سالہ پرانا ریکارڈ اپنے نام کرلیا اور تیز ترین 100 وکٹیں حاصل کرنے کے ریکارڈ کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

یاسر شاہ نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرکے اپنی وکٹوں کی تعداد 82 کر دی جو ٹرنر سے ایک وکٹ زیادہ ہے جبکہ اس فرق کو مزید وسیع کرنے کے لیے ان کے پاس ابھی دوسری اننگز باقی ہے۔

پاکستانی لیگ اسپنر یاسرشاہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس موقع پر یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف اچھی کارکردگی پر وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں جبکہ لائن اور لینتھ پر باؤلنگ کرنے سے انھیں کامیابی ملی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیسٹ کرکٹ کا123 سال پرانا ریکارڈ یاسر شاہ کے نام

ان کا کہنا تھا کہ انھیں پوری ٹیم نے سپورٹ کیا اور میچ میں کامیابی پوری ٹیم کی محنت سے ممکن ہوئی۔

پاکستانی لیگ اسپنر کا کہنا تھا کہ'میں خوش قسمت ہوں کہ مشتاق احمد کوچ اور انتخاب عالم ٹیم کے ساتھ ہیں، دونوں کے مشوروں سے مجھے بہت فائدہ ہوا'۔

خیال رہے کہ یاسر شاہ کی بہترین باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 75 رنز سے شکست دے کر 4 میچوں کی سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کرلی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں