اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت ہونے والے وزارت داخلہ کے اجلاس میں ترجمان وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ گرفتار امریکی شہری میتھیو بیرٹ کو جاسوس کہنا نامناسب اور قبل از وقت ہوگا۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیرصدارت امیگریشن اورغیر ملکیوں کو ویزے کے اجراء کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ایف آئی اے اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں امریکی شخص میتھیو بیرٹ کے بلیک لسٹ پر ہونے کے باوجود پاکستانی ویزا حاصل کرنے کے معاملے پر غور کیا گیا۔

ترجمان وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ گرفتار امریکی شہری میتھیو بیرٹ کو جاسوس کہنا نامناسب اور قبل از وقت ہے، مذکورہ شخص کو 2011 میں جن وجوہات کی بنا پر بلیک لسٹ کیا گیا تھا ان میں جاسوسی کی کوئی شک شامل نہیں تھی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ میتھیو بیرٹ کے واقعے کو ریمنڈ ڈیوس کے قصے سے جوڑنا کسی طور پر بھی مناسب نہیں۔

مزید پڑھیں: بلیک لسٹ امریکی شہری اسلام آباد سے گرفتار

اس موقع پر گرفتار کیے جانے والے امریکی شہری میتھیو بیرٹ کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ وزیر داخلہ چوہدری نثار کو پیش کی گئی۔

رپورٹ میں ابتدائی طورپر واقعے کی ذمہ داری ہوسٹن میں تعینات پاکستانی سفارت خانے کے ویزا افسر پرعائد کی گئی۔

رپورٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ ریکارڈ دیکھے بغیر 24 گھنٹوں میں بلیک لسٹ پر موجود امریکی شہری کو ویزا جاری کیا گیا جبکہ امیگریشن کاونٹر پر موجود ایف آئی اے کے اہلکار نے غفلت کا مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب میتھیو بیرٹ کی نشاندہی کرنے والے آئی بی ایم ایس سسٹم انچارج فہد قیوم کے لیے وزیرِداخلہ کی طرف سے ایک لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا، مذکورہ سسٹم انچارج کی نشاندہی کی بدولت میتھیو بیرٹ کی گرفتاری ممکن ہوئی۔

وزیرِداخلہ نے ایف ائی اے کو امیگریشن کے سلسلے میں نئی پالیسی کا فریم ورک بنانے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی مکمل طور پر روک تھام کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں آئندہ پاکستانی سفارت خانوں سے کسی غیر ملکی کو ویزے کا اجرا وزارتِ داخلہ کی منظوری کے بغیر نہ کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر وزیرداخلہ نے ہدایات جاری کیں کہ بلیک لسٹ اور امیگریشن کے نظام کو اپ ڈیٹ کیا جائے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بلیک لسٹ میں موجود امریکی شہری کو دوبارہ پاکستان میں داخل ہونے پر اسلام آباد سے گرفتار کرلیا تھا جبکہ اسے ائیرپورٹ سے کلئیر کرنے والے ایف آئی اے ملازمین کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ بلیک لسٹ میں موجود امریکی باشندے میتھیو بیرٹ کارڈ پر غلط کوائف درج کرکے داخل ہوا تھا جس پر ایف آئی اے اسلام آباد نے فوری کارروائی کرکے اسے گرفتار کرکے امیگریشن سیل منتقل کردیا۔

تبصرے (2) بند ہیں

ahmakadami Aug 08, 2016 02:13am
pressure itna jaldi aor asar kitna fayde mand? Abba kehtey they hum apnoN ko jootey martey heyn aor ooper sey hukum aye to SIR JHUKA KAR yes sir kehtey heyN. kitniy sachiy baateyN kARTEY THEY WOH
ahmakadami Aug 08, 2016 02:15am
'امریکی شہری کو جاسوس کہنا نامناسب اور قبل از وقت' FIA arrests blacklisted US spy entering Pakistan tWO STATEMENTS TAKEN AT DİFFERENT TIMES ON THE SAME DAY