’ٹرمپ امریکا کیلئے باعثِ شرمندگی‘

اپ ڈیٹ 10 اگست 2016
ول سمتھ— فائل فوٹو
ول سمتھ— فائل فوٹو

ہولی وڈ اداکار ول سمتھ کا کہنا ہے کہ جو ڈونلڈ ٹرمپ بولتے ہیں اسے برداشت کرنا مشکل ہے اور وہ امریکا کے لیے کسی شرمندگی سے کم نہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات کے امیدواروں کی دوڑ میں شامل ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اسلام کے حوالے سے کئی متنازع بیانات دیتے رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کو اس طرح کے بیانات پر نہ صرف دنیا بھر کے بلکہ امریکا کے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے اور اب ہولی وڈ اداکار ول سمتھ بھی ان کے مخالف نظر آئے۔

اداکار حال ہی میں دبئی میں اپنی فلم ’سوسائڈ سکاڈ‘ کی ایک پریس کانفرنس کے لیے موجود تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’امریکا میں اسلام کے حوالے سے جو کچھ کہا جارہا ہے اس کے بعد میرے لیے دبئی آنا ضروری تھا‘۔

انہوں نے کہا یہ ضروری تھا کہ وہ دبئی آئیں، یہاں مزہ کریں، تصاویر لیں اور دنیا کے دکھائیں کہ لوگ ان سے نفرت نہیں کرتے۔

ول کے مطابق سینما دنیا بھر کی عوام تک سچائی پہنچانے میں بڑا کردار ادا کرسکتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ وہ امریکا کے لیے کسی شرمندگی سے کم نہیں اور ان کو سننا کافی مشکل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اچھا ہے کہ ڈونلڈ اس قسم کے بیانات دیتے ہیں اس سے ہمیں اندازا ہوسکتا ہے کہ لوگ کیسے ہیں اور کس کو ہمیں اپنے ملک سے باہر کرنا ہے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں