سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں فورسز نے جھڑپ کے دوران 3 مبینہ حریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستانی فورسز نے دعویٰ کیا کہ سری نگر کے شمال میں موجود علاقے تنگدھار میں مبینہ طور پر پاکستانی سرحد عبور کرنے والے 'مسلح حریت پسندوں' کو مقابلے کے بعد ہلاک کردیا گیا۔

ہندوستانی فوج کے ترجمان کرنل این این جوشی نے بتایا کہ 'جھڑپ کے دوران 3 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ان کے قبضے سے 3 رائفلز بھی برآمد کی گئیں'۔

مزید پڑھیں: آزادی تک 'موجودہ جدوجہد' جاری رکھنے کا عزم

تاہم ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، فوج نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان تینوں کا تعلق اس گروپ سے ہوسکتا ہے جو جمعے کے روز ہندوستانی اسلحہ ڈپو پر حملے میں ملوث تھا، اس واقعے میں 3 گارڈز زخمی ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حریت پسندوں کے 22 سالہ کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے وادئ کے کئی علاقوں میں کرفیو نافذ ہے اور گھروں سے نکلنے پر پابندی کی وجہ سے مسلسل 43 دن سے معمولات زندگی تاحال مفلوج ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 8 جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد کشمیر میں احتجای مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ اس دوران مظاہروں اور احتجاج پر ہندوستانی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 70 سے زائد کشمیری ہلاک جبکہ 5 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں