کوئٹہ: ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ متنازع بیان کی حمایت کرنے پر بلوچ رہنماؤں براہمداغ بگٹی، حرب یار مری اور بنوک کریمہ بلوچ کے خلاف 5 مقدمات درج کرلیے گئے۔

درخواست گزار منیر احمد، مولانا محمد اسلم، محمد حسین، غلام یاسین جٹک اور محمد رحیم کی مدعیت میں بلوچستان کے علاقے خضدار کے 5 پولیس اسٹیشنز میں مقدمات درج کیے گئے، جن میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 120،121،123 اور353 شامل کی گئیں۔

خضدار کے قائمقام ڈسٹرکٹ پولیس افسر محمد اشرف جٹک کے مطابق درخواست گزاروں کا دعویٰ ہے کہ براہمداغ بگٹی، حرب یار مری اور بنوک کریمہ بلوچ نے رواں ماہ 15 اگست کو ہندوستان کے یوم آزادی کے موقع پر نریندر مودی کے خطاب کی 'حمایت' کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان،گلگت اورآزاد کشمیر کے لوگوں نے ہماراشکریہ ادا کیا، مودی

واضح رہے کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیر میں جاری ہندوستانی سیکیورٹی فورسز کے نہتے کمشریوں پر مظالم پر سے توجہ ہٹانے کے لیے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا تھا کہ 'گزشتہ چند دنوں کے دوران بلوچستان، گلگت اور آزاد کشمیر کے لوگوں نے میرا شکریہ ادا کیا، میں بھی ان کا ممنون ہوں'۔

درخواست گزار منیر احمد نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بلوچ رہنماؤں نے ہندوستانی وزیراعظم کو پاکستان کے خلاف جارحانہ انداز اپنانے کے لیے کہا تھا۔

نریند مودی کے متنازع بیان کے خلاف بلوچستان کے قبائلی افراد بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور بلوچستان، ڈیرہ بگٹی، خضدار، کوئٹہ، چمن اور صوبے کے کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں مودی کے ایجنٹس کو ایک فیصد بھی حمایت حاصل نہیں

بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری نے گزشتہ ہفتے نریندر مودی کے اشتعال انگیز بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلوچستان میں ہندوستانی وزیراعظم کے بیان کی کوئی حمایت نہیں کر رہا۔

وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری کے بیان کے دوسرے دن ایک ویڈیو میں جلاوطن بلوچ رہنما براہمداغ بگٹی نے ہندوستانی وزیراعظم کے بلوچ عوام کی حمایت کرنے پر ان کے بیان کو سراہا اور بعدازاں مذکورہ ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر پھیل گئی۔

درخواست گزار منیر احمد نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ہندوستانی حکومت براہمداغ بگٹی، حرب یار مری، زمان مری اور اللہ نذر بلوچ جیسے 'شر پسند عناصر' کی مدد کرنے میں ملوث ہے۔

انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ برہمداغ بگٹی ہندوستان سے فنڈز حاصل کررہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ہندوستانی وزیراعظم کے بیان کی حمایت کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں