خوشی ہے فواد نے میری فلم میں کام کیا، کرن

27 اگست 2016
بولی وڈ ہدایت کار کرن جوہر اور پاکستانی اداکار فواد خان — فوٹو/ فائل
بولی وڈ ہدایت کار کرن جوہر اور پاکستانی اداکار فواد خان — فوٹو/ فائل

بولی وڈ ہدایت کار کرن جوہر اور پاکستانی اداکار فواد خان کا مختلف تقریبات میں ایک ساتھ نظر آنا اور فواد کا ان کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں ایک کردار ان کی بڑھتی ہوئی دوستی کی مثال ہے۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق کرن جوہر کا اپنی آنے والی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں فواد خان کے کردار کے حوالے سے کہنا تھا، ’مجھے فواد خان کے ساتھ کام کرنے میں بے حد مزہ آیا، ان کا فلم میں ایک مختصر کردار ہے لیکن یہ کردار کافی خاص ہے، جس پر فلم کی کہانی بہت حد تک مبنی ہے‘۔

مزید پڑھیں: فواد خان کرن جوہر کی فلم میں کاسٹ

کرن نے فواد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ’مجھے بہت خوشی ہوئی کہ فواد خان نے صرف ایک مختصر کردار کے لیے فلم میں کام کرنے کی حامی بھری، وہ یقیناً ایک بہترین اداکار ہیں‘۔

واضح رہے کہ فواد خان کی گذشتہ بولی وڈ فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کی پروڈکشن کرن جوہر نے کی تھی جسے شائقین نے کافی پسند کیا۔

یہ بھی پڑھیں: فواد خان آئیفا کی میزبانی کے لیے تیار

فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں فواد خان کے ساتھ ساتھ پاکستانی اداکار عمران عباس بھی مختصر کردار کرتے نظر آئیں گے۔

اس فلم میں بولی وڈ اداکار رنبیر کپور، ایشوریا رائے اور انوشکا شرما مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

فلم ’اے دل ہے مشکل‘ رواں سال 28 اکتوبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں