کیریئر کا اچھا اختتام چاہتا ہوں، شاہد آفریدی

اپ ڈیٹ 14 ستمبر 2016
شاہد آفریدی نے آخری مرتبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی—فائل فوٹو/ اے ایف پی
شاہد آفریدی نے آخری مرتبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی—فائل فوٹو/ اے ایف پی

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ ان کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور جب بھی کوئی فیصلہ ہوا تو اس سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ کراچی میں دارالسکون کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ 'میں وہ فیصلہ کروں گا، جس میں بورڈ اور میرا فائدہ ہوگا'۔

اس سوال کے جواب میں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے باعزت ریٹائر کروائے جانے کے فیصلے پر انھیں افسوس ہوگا، شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ 'نہ تو مجھ پر کوئی دباؤ ڈال رہا ہے اور نہ ہی میں کسی پر دباؤ ڈال رہا ہوں، جو بھی فیصلہ ہوگا وہ میرے لیے، کرکٹ بورڈ کے لیے اور آنے والے کرکٹرز کے لیے اچھا ہوگا'۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے انھیں ایک پلان دیا ہے اور وہ ان کی دل سے عزت کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:شاہد آفریدی کا کرکٹ سے کنارہ کشی کافیصلہ

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'اگر مجھے کرکٹ چھوڑنی ہوتی تو میں ورلڈ کپ کے بعد بھی چھوڑ کر جاسکتا تھا، لیکن اتنا عرصہ کھیلنے کے بعد یہ میرا حق ہے کہ میں اچھے طریقے سے چھوڑ کر جاؤں اور میرے کیریئر کا اچھا اختتام ہو'۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے شاہد آفریدی کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے خبریں اس وقت دوبارہ گردش کرنے لگیں جب انھوں نے متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں الوداعی میچ کھیل کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے کنارہ کشی کا ارادہ ظاہر کیا۔

ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ایک میچ کھیلنے کی اجازت طلب کی ہے جس کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

شاہد آفریدی نے اس موضوع پر چیف سلیکٹر انضمام الحق سے بات کی اور عزت کے ساتھ اپنے کرکٹ کو الوداع کہنے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا، جس پر پی سی بی نے سنجیدگی سے غور شروع کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:پی سی بی کا شاہد آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کرنے پر غور

متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان ٹیم اگلے ایک سال تک کوئی ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیلے گی۔

قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جس کا آغاز 23 ستمبر کو ہوگا۔

یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے پاکستان کی جانب سے سب زیادہ 98 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں، جن میں انھوں نے 18 کی اوسط سے ایک ہزار 405 رنز بنائے ہیں۔

آفریدی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بھی ہیں جہاں انھوں نے 97 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ عمرگل 60 اور سعید اجمل 64 میچوں میں 85، 85 وکٹیں حاصل کر کے دوسرے نمبر پر ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ رواں سال ہندوستان میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں آفریدی کی قیادت میں ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی کے بعد ہیڈ کوچ وقاریونس اور کپتان شاہد آفریدی کو استعفیٰ دینا پڑا تھا جس کے بعد پی سی بی نے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو ان کی جگہ نیا کپتان مقرر کیا تھا۔

ادھر قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ایک میچ میں سرفراز کی قیادت میں 9 وکٹوں سے شاندار فتح سمیٹی تھی جبکہ آفریدی کو انگلش کاؤنٹی میں نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکامی پر ٹیم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اسی طرح ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بھی انھیں نظرانداز کیا گیا۔

شاہد آفریدی نے ورلڈ کپ 2015 میں شکست کے فوری بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں