لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شاہد خان آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل کرنے پر ایک مرتبہ پھر سنجیدگی سے غور شروع کردیا ہے۔

گذشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں الوداعی میچ کھیل کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے کنارہ کشی کا ارادہ ظاہر کیا تھا.

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شاہد خان آفریدی کی مذکورہ خواہش پر پی سی بی نے سنجیدگی سے غور شروع کردیا ہے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ایک میچ کھیلنے کی اجازت طلب کی تھی جس کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

شاہد آفریدی نے اس موضوع پر چیف سلیکٹر انضمام الحق سے بات کی اور عزت کے ساتھ اپنے کرکٹ کو الوداع کہنے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: شاہد آفریدی کا کرکٹ سے کنارہ کشی کافیصلہ

واضح رہے متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان ٹیم اگلے ایک سال تک کوئی ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیلے گی۔

قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جس کا آغاز 23 ستمبر کو ہوگا۔

یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے پاکستان کی جانب سے سب زیادہ 98 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں جس میں 18 کی اوسط سے ایک ہزار 405 رنز بنائے ہیں۔

آفریدی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بھی ہیں جہاں انھوں نے 97 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ عمرگل 60 اور سعید اجمل 64 میچوں میں 85، 85 وکٹیں حاصل کر کے دوسرے نمبر پر ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ رواں سال ہندوستان میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں آفریدی کی قیادت میں ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی کے بعد ہیڈ کوچ وقاریونس اور کپتان شاہد آفریدی کو استعفیٰ دینا پڑا تھا جس کے بعد پی سی بی نے وکٹ کیپر بلے باز سرفرااحمد کو ان کی جگہ نیا کپتان مقرر کیا تھا۔

ادھر قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ایک میچ میں سرفراز کی قیادت میں 9 وکٹوں سے شاندار فتح سمیٹی تھی جبکہ آفریدی کو انگلش کاؤنٹی میں نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکامی پر ٹیم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اسی طرح ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بھی انھیں نظرانداز کیا گیا۔

شاہد آفریدی نے ورلڈ کپ 2015 میں شکست کے فوری بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں