عاطف اور شفقت کے ہندوستان میں کنسرٹ منسوخ

29 ستمبر 2016
پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور شفقت امانت علی — فوٹو/ فائل
پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور شفقت امانت علی — فوٹو/ فائل

ہندوستان کی قوم پرست جماعتوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کو ملنے والی دھمکیوں کے بعد اب پاکستانی گلوکار عاطف اسلم اور شفقت امانت علی کے کنسرٹ بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق گلوکار شفقت امانت علی ہندوستان کے شہر بنگلور میں 30 ستمبر کو پرفارم کرنے والے تھے جبکہ عاطف اسلم کا کنسرٹ گڑگاؤں میں 15 اکتوبر کو منعقد کیا جارہا تھا، دونوں ہی ایونٹس منسوخ کردیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستانی اداکاروں پر پابندی: بولی وڈ کیا سوچتا ہے؟

بنگلور میں شفقت امانت علی کا کنسرٹ منعقد کروانے والی ریڈیو مرچی کی انتظامیہ کے مطابق یہ کنسرٹ اڈی حملے میں ہندوستانی افواج کے جوانوں کی ہلاکتوں کے باعث منسوخ کیا گیا ہے۔

ہندو انتہا پسند تنظیموں بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کئی روز سے شفقت امانت علی کے کنسرٹ کے خلاف آواز اٹھا رہی تھی جس کی وجہ سے اسے 20 ستمبر کو ہی منسوخ کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب گلوکار عاطف اسلم کے گڑگاؤں میں ہونے والے کنسرٹ کو بھی سیکیورٹی وجوہات کے باعث منسوخ کردیا گیا ہے،

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان میں غلام علی کا کنسرٹ منسوخ کرنے کا مطالبہ

ہندو گروپ اکھل بھارتیہ ہندو کرانتی دل کے رکن نے گڑگاؤں کے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی اور ان سے عاطف اسلم کے کنسرٹ کو منسوخ کرنے کا کہا، جس کے بعد گڑگاؤں کی انتظامیہ نے عاطف اسلم کے کنسرٹ کے منتظمین کو مشورہ دیا کہ وہ اس کنسرٹ کو منسوخ کردیں۔

تاہم ایک اور رپورٹ کے مطابق کنسرٹ کے انتظامیہ نے اڑی حملے کے بعد ہی اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں جب ہندوستان میں کسی پاکستانی فنکار کا کنسرٹ منسوخ کیا گیا ہو، اس سے قبل گلوکار غلام علی کے کنسرٹ کو شو سنہا کی دھمکیوں کے باعث منسوخ کیا جاچکا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں