ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی بڑھتی کشیدگی اور بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے بعد انڈین موشن پکچرز پروڈیوسرز ایسوسی ایشن (آئی ایم پی پی اے) کے ایک ممبر نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز انڈین موشن پکچرز پروڈیوسرز ایسوسی ایشن (آئی ایم پی پی اے) نے پاک-بھارت کشیدگی کے پیش نظر پاکستانی فنکاروں اور ٹیکنیشنز پر بولی وڈ میں کام کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ فنکاروں پر یہ پابندی پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات معمول پر آنے تک برقرار رہے گی۔

اس کے بعد انڈین فلم ایسوسی ایشن کے ممبر راہول اگروال نے فیس بک پر پوسٹ کیے گئے اپنے خط میں مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

مزید پڑھیں: بھارتی پروڈیوسرز نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کردی

اپنے خط میں راہول کا کہنا تھا کہ ’فن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور آرٹ کے نگہبان ہونے کی حیثیت سے یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم لوگوں کو ایک ساتھ جوڑیں نہ کہ انہیں الگ کریں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ ایک ساتھ مل کر جنگ کے بجائے امن کو فروغ دیں کیوں کہ ہم سب ایک جیسے ہی ہیں‘۔

راہول کا مزید کہنا تھا کہ ’ایک دوسرے پر پابندی لگانا کوئی حل نہیں اور بجائے اس کے کہ ہم دنیا کو یہ دکھائیں کہ دہشت گردی ان دونوں ممالک کو الگ نہیں کرسکتی، بنیاد پرست ہمیں حالت جنگ میں رکھنا چاہتے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی سینما میں بولی وڈ فلموں پر پابندی

آخر میں انہوں نے کہا کہ جب گورننگ باڈی نے ان کی آواز کو تسلیم ہی نہیں کیا تو یہ ان کی ’ذاتی ناکامی‘ اور ایسوسی ایشن کے لیے ’بیکار‘ بات ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستان کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانے کے بعد کئی پاکستانی سینما گھروں نے بھی بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں