جو کا دلیہ ہارٹ اٹیک سے بچاؤ کے لیے مفید

08 اکتوبر 2016
یہ بات کینیڈا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— کریٹیو کامنز فوٹو
یہ بات کینیڈا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی— کریٹیو کامنز فوٹو

کیا آپ ناشتے میں دلیہ کھانا پسند کرتے ہیں؟ اگر ہاں تو اچھی خبر یہ ہے کہ یہ عادت ہارٹ اٹیک سے تحفظ دینے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

یہ بات کینیڈا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

سینٹ مائیکل ہاسپٹل کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جو کا دلیہ کھانا دن کا بہترین آغاز ہوتا ہے جو جسم کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول ایل ڈی ایل کی سطح میں کمی لاتا ہے۔

یہ کولیسٹرول خون کی شریانوں میں جمع ہوکر انہیں بلاک کرنے کا باعث بنتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ دلیہ کھانے کی عادت کے نتیجے میں خون کی شریانوں کے امراض لاحق نہیں ہوتے اور اس طرح ہارٹ اٹیک کا امکان بھی کم ہوجاتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ جو کا دلیہ فائبر کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے جو جسم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

تحقیق کے دوران دنیا بھر کے 4 ہزار کے لگ بھگ افراد پر ہونے والی مختلف طبی رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ یہ غذا ایل ڈی ایل کولیسٹرول کے ساتھ ساتھ نان ایچ ڈی ایل کولیسٹرول اور apoB (خون میں نقصان دہ کولیسٹرول کو لے کر جانے والا جز)کو بھی کنٹرول کرتی ہے ۔

محققین کے مطابق ناشتے میں اس کا استعمال نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں 4.2 فیصد، نان ایچ ڈی ایل کولیسٹرول کی سطح میں 4.8 فیصد اور apoB کی سطح میں 2.3 فیصد تک کمی لاتا ہے۔

یہ تحقیق طبی جریدے برٹش جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہوئی۔

اس سے قبل ہونے والی مختلف رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ جو کے دلیے کا ناشتہ میں استعمال معمول بنالینے سے میٹابولزم کی کارکردگی بڑھتی ہے جس سے پیٹ زیادہ دیر تک بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے اور چربی تیزی سے گھلتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں