اسلام آباد: حکومت نے رواں مالی سال کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیے مختص 800 ارب روپے کے فنڈز میں سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے 123 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جاری کیے جانے والے فنڈز میں سے عارضی طور پر بے گھر افراد اور سیکیورٹی بڑھانے کے لیے خصوصی وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت 42 ارب روپے سے زائد جاری کیے گئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، فاٹا اور سرحدی علاقوں سمیت خصوصی علاقوں کی ترقی کے لیے 11 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے گئے۔

اسی طرح مختلف شاہراہوں اور ہائی وے پراجیکٹس کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو 19 ارب روپے جاری کیے گئے۔

بجلی اور پانی کے شعبے کی ترقی کے منصوبوں کے لیے واپڈا کو 11 ارب روپے سے زائد کے فنڈز دیئے گئے، جبکہ پاکستان ریلوے، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور نیشنل ہیلتھ سروسز سے متعلق مختلف منصبوبوں کے لیے اب تک 20 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے جاچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں