کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع گوادر میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2 کوسٹ گارڈ اہلکار ہلاک اور دو شہری زخمی ہوگئے۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک سیکیورٹی اہلکار نے ڈان کو بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے ضلع گوادر کے جیوانی بازار میں کوسٹ گارڈ اہلکاروں کا نشانہ بنایا جبکہ ان کے ساتھ بیٹھے ہوئے دو شہری بھی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگئے۔

انھوں نے بتایا کہ حملے کے بعد ملزمان موٹر سائیکلوں پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: آپریشن کے دوران جھڑپ میں دو 'دہشت گرد' ہلاک

واضح رہے کہ فوری طور پر حملے کی ذمہ داری کسی بھی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی تاہم ماضی میں بلوچستان میں متعدد عسکری، علیحدگی پسند اور قوم پسند تنظیمیں سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں میں ملوث رہی ہیں۔

صوبے کی انتظامیہ نے ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف آپریشنز اور کارروائیوں کا آغاز کررکھا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں کی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جاچکا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ صوبائی انتظامیہ نے متعدد مرتبہ اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کے پیچھے ہندوستان کی خفیہ ایجنسی 'را' ملوث ہے۔

14 اکتوبر 2016 کو صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کے 3 اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں فائرنگ، 3 ایف سی اہلکار جاں بحق

گذشتہ ماہ 5 ستمبر کو بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 2 مختلف واقعات میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے قبل رواں برس 26 اگست کو کوئٹہ کے سریاب روڈ پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے ایک روز قبل 25 اگست کو بھی ضلع گوادر میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں کے حملے میں 7 لیویز اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: سیکیورٹی قافلے پر بم حملہ، 3 اہلکار ہلاک

29 جون 2016 کو بھی کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایف سی کا چوتھا اہلکار بعدازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

اس سے قبل 28 جون 2016 کی شام کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ میں 2 مختلف حملوں میں پولیس کے 4 اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں