ہندوستان: دھماکا خیز مواد پھٹنے سے ایک شخص ہلاک

25 اکتوبر 2016
دھماکے کے بعد پولیس اہلکار جائے وقوعہ کا معائنہ کررہے ہیں — فوٹو بشکریہ انڈین ایکسپریس
دھماکے کے بعد پولیس اہلکار جائے وقوعہ کا معائنہ کررہے ہیں — فوٹو بشکریہ انڈین ایکسپریس

نئی دہلی: ہندوستان کے شہر دہلی کے علاقے نیا بازار میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق دھماکا چاندنی چوک کے علاقے میں ایک مسجد کے قریب ہوا۔

واقعے کی ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکا خیز مواد کا بیگ لے جانے والا شخص ہی واقعے میں ہلاک ہوا، جس وقت دھماکا ہوا وہ مبینہ طور پر سیگریٹ پی رہا تھا۔

مذکورہ شخص کے حوالے سے سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ وہ گذشتہ روز ہی مغربی بنگال سے دہلی پہنچا تھا۔

واقعے کے بعد بحیرین میں موجود ہندوستان کے ہوم منسٹر راج ناتھ سنگھ نے پولیس کمشنر الوک ورما سے فون پر بات کی اور واقعے کی تفصیلات حاصل کیں اور ساتھ ہی پولیس کو فوری واقعے کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کیں۔

مزید پڑھیں: ہندوستان کے یوم آزادی پر آسام میں 4 دھماکے

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق کمشنر کو ہدایت دی گئیں کہ دھماکے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور شہر کی سیکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔

دھماکے کے بعد دہلی پولیس کے انسداد دہشت گردی ونگ، حساس اداروں کے اہلکار اور فرانزک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ثبوت جمع کیے۔

دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص دھماکا خیز مواد سے بھرا ہوا بیگ کندھے پر اٹھائے نیا بازار میں جارہا ہے اور بعد ازاں اس نے مذکورہ بیگ بازار میں ایک دکان کے قریب رکھا جو دھماکے سے پھٹ گیا۔

دھماکے کے بعد بازار میں افراتفری پھیل گئی اور لوگ محفوظ مقام کی جانب بھاگتے ہوئے نظر آئے۔

خیال رہے کہ پولیس کے مطابق بازار کے جس حصے میں دھماکا ہوا وہاں دیوالی کے تہوار کیلئے پٹاخے اور آتِش بازی کا دیگر سامان فروخت ہوتا ہے اور مذکورہ دھماکا خیز مواد ممکنہ طور پر آتشبازی کے سامان میں استعمال کیلئے لایا جارہا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں