'را، این ڈی ایس دہشت گرد گروپوں کی سرپرست ہیں'

اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2016
لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ — فوٹو: ڈان نیوز/فائل
لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ — فوٹو: ڈان نیوز/فائل

پاکستان نے امریکا پر واضح کردیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' و افغان ایجنسی 'این ڈی ایس' پاکستان میں آسان ہدف کو نشانہ بنانے والے افغان دہشت گرد گروپوں کی سرپرستی کر رہی ہیں۔

اسلام آباد میں مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے ملاقات کی، جس میں کوئٹہ پولیس ٹریننگ کالج پر حملے، دہشت گردی کے خلاف آپریشن اور سرحد پار سے حملوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بیان جاری بیان کے مطابق پاکستان نے دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے امریکا سے مدد طلب کی۔

بیان میں کہا گیا کہ مشیر قومی سلامتی سے ملاقات میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے پولیس ٹریننگ کالج پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور ساتھ ہی امریکا کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی ہر ممکن مدد کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹریننگ سینٹر حملہ: ناقص سیکیورٹی انتظامات بڑی وجہ

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے امریکی سفیر کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے ذریعے سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں پر بریفنگ دی۔

انہوں نے 'را' اور 'این ڈی ایس' کی سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث افغان دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایجنسیاں، ان دہشت گردوں کو پاکستان میں آسان اہداف کو نشانہ بنانے میں مدد فراہم کر رہی ہیں۔

مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ پولیس ٹریننگ کالج پر حملہ کرنے والے دہشت گرد افغانستان میں موجود اپنی قیادت سے مسلسل رابطے میں تھے، جن کے خاتمے کے لیے پاکستان کو امریکا کی مدد کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ پولیس ٹریننگ کالج پر حملہ، 61اہلکار جاں بحق، 117زخمی

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کا پاکستان کے امن سے براہ راست تعلق ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے افغانستان میں سیاسی مفاہمت ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ پیر کی رات بھاری ہتھیاروں اور خودکش جیکٹس سے لیس دہشت گردوں نے کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ کالج پر حملہ کردیا تھا، جس کے نتیجے میں 60 اہلکار ہلاک اور 117 افراد زخمی ہوگئے۔

تین حملہ آوروں نے 24 اکتوبر کی رات 11 بجکر 10 منٹ پر پولیس ٹریننگ کالج پر اس وقت دھاوا بولا جب کیڈٹس آرام کررہے تھے جس کے بعد فائرنگ اور دھماکوں کا آغاز ہوگیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شدت پسند تنظیم داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی۔

اس بات کا اعلان بین الاقوامی کالعدم تنظیم نے اپنی ’اعماق نیوز ایجنسی‘ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کیا، داعش کی جانب سے حملہ آور تینوں دہشت گردوں کی تصاویر بھی جاری کی گئیں۔

تبصرے (0) بند ہیں