اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے میٹرک کے پرچے میں طلبہ سے نامناسب سوال پوچھے جانے کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی۔

واضح رہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بہار 2016 کے تحت انگریزی زبان کے میٹرک کے پرچے میں شامل سوال نمبر 5 پر طلبہ کی جانب سے یونیورسٹی انتظامیہ کو شکایات درج کروائی گئی تھیں۔

مذکورہ سوال میں طلبہ سے اپنی بڑی بہن کی شخصیت پر مضمون لکھنے کو کہا گیا تھا، جس میں اس کی عمر، قد، شکل و صورت، جسمانی خدوخال اور برتاؤ وغیرہ کو بھی تفصیل سے بیان کرنے کو کہا گیا۔

امتحانی پرچے کا عکس—۔فوٹو/اعتزاز حسن
امتحانی پرچے کا عکس—۔فوٹو/اعتزاز حسن

اس سوال پر طلبہ میں بے چینی پیدا ہوئی اور متعدد طلبہ اور والدین کی جانب سے یونیورسٹی انتظامیہ کو شکایت کی گئی۔

طلبہ کی شکایات پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی اور اس معاملے کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی۔

سینئر پروفیسر کی سربراہی میں کام کرنے والی تحقیقاتی کمیٹی ذمہ داران کا تعین کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

مزید پڑھیں : پاکستانی یونیورسٹیز میں ریسرچ کی حالت زار

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع ایک یونیورسٹی ہے جو فاصلاتی نظام تعلیم کے حوالے سے ایشیاء کی بڑی جامعات میں شمار کی جاتی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے بانی سربراہ ذوالفقار علی بھٹو نے 1974 میں پارلیمنٹ کے ایک قانون کے تحت پیپلز اوپن یونیورسٹی قائم کی، بعدازاں 1977 میں اس کا نام تبدیل کرکے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کردیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Neelofer aman Nov 12, 2016 03:37pm
Still I don't get what's wrong in this question? Character sketch and uses of different types of adjectives are being asked in this question.. so how the students feelings are being offended....