سرفراز کے کردار کیلئے سلمان خان کا انتخاب ہو

اپ ڈیٹ 28 نومبر 2016
سرفرازاحمد اس وقت ہملٹن میں موجود ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی
سرفرازاحمد اس وقت ہملٹن میں موجود ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کا کہنا ہے اگر ان پر کوئی فلم بنے تو سلمان خان ان کا کردار ادا کریں۔

ہملٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران ایک انٹرویو میں سرفراز کا کہنا تھا کہ میں نے جن کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا ان میں اپنی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان جبکہ سری لنکا کے کمارسنگاکارا اور انگلینڈ کے کیون پیٹرسن بہترین کھلاڑی ہیں۔

سرفرازاحمد سے ایک غیرروایتی انٹرویو کے دوران جب پوچھا گیا کہ انھیں کتنی زبانوں پر عبور حاصل ہے تو انھوں نے جواب میں چار، پانچ کہا لیکن جب بولنے کی باری آئی تو چار پر ہی اکتفا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'چار، پانچ کہہ سکتے ہیں، اردو، انگلش، پٹھان میں یہ آتا ہے شاتہ ولاڈا اور بنگالی میں بالو،بالو، میرے خیال میں یہی چار زبانیں ہیں'۔

اپنے بارے میں بتایا کہ 'میں خیال رکھنے والا، محنتی اور جب دوستوں کے ساتھ ہوتا ہوں تو انھیں محظوظ کرتا ہوں'۔

بات جب موسیقی کی ہوئی تو انھوں نے مسکراہتے ہوئے اپنی ترجیح کچھ یوں پیش کی 'ویسے تو تیز موسیقی پسند ہے لیکن جب نیند نہیں آرہی ہوتو رومانوی گانے پسند ہوتے ہیں'۔

فلموں میں سرفراز کا کردار بالی ووڈ کے مشہور ہیرو عامر خان کی فلم سے مشہور ہوا اور جب گزشتہ ورلڈکپ میں سرفراز کو ابتدائی میچوں میں ٹیم سے باہر رکھا گیا تھا تو عامر کی فلم کا مشہور مقولہ 'سرفراز دھوکا نہیں دے گا' پاکستان کے کرکٹ شائقین کے زبان زد عام تھا اور سرفراز نے بعد ازاں اس کو اپنی بہترین کارکردگی سے سچ بھی ثابت کردیا تھا۔

لیکن یہاں پر سرفراز، سلمان خان کو ان کا کردار نبھاتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

سرفرازاحمد نے پوچھے گئے سوال کا دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا 'سلمان خان' کو ان کے کردار میں دیکھنا چاہوں گا۔

تبصرے (0) بند ہیں