برازیلین فٹبال ٹیم کے کھلاڑی حادثے کا شکار ہونے والے جہاز پر سوار ہونے سے قبل ایئر پورٹ پر

بگوٹا: برازیل کے فٹ بال کلب کے کھلاڑیوں کو لے جانے والا جہاز کولمبیا کی حدود میں حادثے کا شکار ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 81 میں سے 75 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

مقامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ مطابق برازیل کے فٹ کھلاڑیوں کو لے جانے والا جہاز کولمبیا کی میڈلائن ایئرپورٹ کے قریب گر گیا، جہاز میں برازیل کے فٹ بال کلب شپے کوئنز( Chapecoense) کے کھلاڑیوں اور عملے سمیت 81 افراد سوار، جس میں چھ افراد زندہ بچنے میں کامیاب رہے۔

برازیل میں اس حادثے کے بعد یوم سوگ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بولیوین چارٹرڈ طیارہ برازیل کے فٹ بال کلب شپے کوئنز کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بولیویا سے کولمبیا لے جا رہا تھا کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوگیا۔

جہاز میں سوار شپے کوئنز فٹ بال ٹیم کو سوڈا امریکانا فٹ بال کے فائنل میچ میں کولمبیا کی فٹ بال کلب ٹیم ایٹلاٹیکو ناشیونل (Atletico Nacional) کے ساتھ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ بدھ 30 نومبر کو کھیلنا تھا۔

غیر مصدقہ رپورٹس کے مطابق جہاز میں سوار ٹیم کے 2 ممبران ایلن رشل اور ڈانیلو کے زندہ بچ جانے کی اطلاعات ہیں۔

اس ٹیم کے نو اراکین چند وجوہات کی بنا پر ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کر رہے تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جہاز مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 15 منٹ پر حادثے کا شکار ہوا، طیارہ حادثے کی جاری کردہ ویڈیو میں جہاز کو اچانک ریڈار سے غائب ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار بننے والا جہاز کولمبیا کی جوز ماریا کورڈووا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف سفر کر رہا تھا، جہاز اپنی منزل پر پہنچنے سے پہلی ہی کولمبیا کی حدود میں گر گیا۔

جہاز پہاڑی علاقے میں گرا ہے جہاں خراب موسم کے باعث امدادی کاررائیوں میں تاخیر ہورہی ہے، جائے وقوع پر صرف زمین کے راستے ہی پہنچا جا سکتا ہے، امدادی ٹیموں کو جائے وقوع کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔

جہاز حادثے کے بعد ساؤتھ امریکن فٹ بال کنفیڈریشن (کونمی بول) نے ٹورنامنٹ کے باقی تمام میچز منسوخ کردیے ہیں۔

واضح رہے کہ لیونل میسی سمیت ارجنٹینا کی پوری قومی ٹیم نے ورلڈ کپ کوالیفائر کے ایک میچ کے لیے اسی طیارے میں سفر کیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کئی ممالک میں جہاز گرنے کے بڑے بڑے حادثے پیش آ چکے ہیں، 2009 میں فرانس کا ایک جہاز بحر اوقیانوس پر پرواز کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا تھا، 2013 میں روس کا مسافر طیارہ تاتارستان میں لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا تھا جس وجہ سے 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

کولالمپور سے بیجنگ جانے والے ملائیشیا کا جہاز بھی 2014 میں غائب ہوگیا تھا، لاپتہ جہاز کی تلاش کے لیے 30 زائد ہوائی جہازوں اور 40 بحری جہازوں نے دن رات آپریشن جاری رکھا تھا، طیارے میں 239 مسافر سوار تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں