اسلام آباد: پاکستانی حکام ایک جانب نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی)میں غیر این پی ٹی (معاہدہ جوہری عدم پھیلاؤ) ممالک کی رکنیت کے لیے باضابطہ اصول مقرر کیے جانے کے لیے رکن ممالک کی بڑھتی ہوئی حمایت سے پرامید ہیں لیکن اس بات پر تشویش کا شکار بھی ہیں کہ عالمی قوتوں کی جانب سے چھوٹے ممالک پر بڑھتا ہوا دباؤ بھارت کی خلافِ ضابطہ شمولیت کا راستہ صاف کردے گا۔

جنوبی ایشیا میں ڈیفنس، ڈیٹرنس اور اسٹیبلٹی پر منعقدہ ایک ورکشاپ میں دفتر خارجہ میں تخفیفِ اسلحہ کے ڈائریکٹر جنرل کامران اختر کا کہنا تھا کہ بہت سے ممالک ایسے ہیں جو مستثنیٰ قرار دیئے جانے کے بجائے مروجہ اصول کے مطابق چلنے کی ضرورت محسوس کرتے ہیں، تاہم اب بھی چھوٹے ممالک پر دباؤ ڈالے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

اس ورکشاپ کا انعقاد اسلام آباد کے ایک تھنک ٹینک سینٹر آف انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز (سی آئی ایس ایس) اور لندن کے انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز (آئی آئی ایس ایس) کی جانب سے کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ مہینے ویانا میں این ایس جی ارکان سال میں دوسری بار غیر این پی ٹی ممالک کی رکنیت سے متعلق اتفاقِ رائے قائم کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

اجلاس میں چند ممالک کی جانب سے این پی ٹی کے اصولوں پر عمل کرنے اور ایک بلاک کی جانب سے بھارت کو فوری حصہ بنانے کی خواہش کی وجہ سے این ایس جی کے ارکان دو دھڑوں میں تقسیم رہے۔

یہ بھی پڑھیں: این ایس جی رکنیت کی بھارتی کوشش کو پھر دھچکہ

این ایس جی میں غیر این پی ٹی ممالک کی رکنیت کے لیے معیار کی تشکیل اور چین کے تجویز کردہ دو مراحل پر مبنی حکمت عملی پر حمایت بڑھتی جارہی ہے۔

نئے ارکان کی شمولیت کے حوالے سے چین کی تجویز ہے کہ پہلے معیار کا تعین کیا جائے اور پھر رکنیت کے لیے درخواستیں طلب کی جائیں۔

کامران اختر کے مطابق انہیں امید ہے کہ این ایس جی ممالک رکنیت کے لیے استثنیٰ قرار دیئے جانے والے آپشن کا انتخاب نہیں کریں گے لیکن اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو یہ نہ صرف پاکستان کو دھکیلے جانے کے مترادف ہوگا بلکہ جوہری اسلحہ نہ رکھنے والے دیگر ممالک بھی اس پر ایسا محسوس کرسکتے ہیں کہ انہیں جوہری توانائی کے پرامن استعمال سے غیر منصفانہ طور پر روکا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اب این ایس جی ممالک پر منحصر ہے کہ وہ یہ چاہتے ہیں کہ گروپ سیاسی اور کمرشل مفاد کے مطابق چلے یا وہ جوہری عدم پھیلاؤ کے مقصد کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان کی درخواست کو بھارت کے برابر نہیں لیا گیا تو اس سے جنوبی ایشیا کا اسٹریٹجک استحکام کمزور ہوگا۔

مزید پڑھیں: ہندوستان کا این ایس جی رکینت کا خواب چکنا چور

آرمز کنٹرول اینڈ ڈس آرمامنیٹ افیئرز (اے سی ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل خالد بنوری کے مطابق پاکستان جنگ کے لیے بھارت کی جگہ کو مسترد کرتا ہے اور امن کے لیے جگہ پیدا کرنا چاہتا ہے، پاکستان کے ہتھیار خطے میں امن برقرار رکھنے کے لیے ہیں۔

دفترِ خارجہ کی ایڈیشنل سیکریٹری تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ این ایس جی میں غیر این پی ٹی ممالک کی رکنیت کا معاملہ جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام سے جڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر این پی ٹی ممالک کی رکنیت کے حوالے سے آج این ایس جی ایک بار پھر دوراہے پر کھڑا ہے، اس مقام پر این ایس جی کا منصفانہ اور غیر امتیازی فیصلہ جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام اور عالمی جوہری عدم پھیلاؤ کی کوششوں کے لیے اہم ثابت ہوگا۔

انہوں نے اس بات کو بھی دہرایا کہ این ایس جی نے 2008 میں بھی بھارت کو استثنیٰ کی بنیاد پر این ایس جی میں شمولیت کے لیے موزوں امیدوار قرار دے کر عدم پھیلاؤ کے اصول پر کاربند رہنے کے موقع کو کھودیا تھا۔

تسنیم اسلم نے بھارت سے بڑھتی کشیدگی اور اس معاملے پر عالمی ممالک کی خاموشی پر بھی افسوس کا اظہار کیا، ان کے مطابق دنیا کی غیرحساسیت نے ہی بھارت کو پاکستان کے خلاف اس قسم کی پالیسی روا رکھنے کا موقع فراہم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: این ایس جی میں شمولیت: ہندوستان کا سب سے بڑا مخالف چین

ان کا کہنا تھا کہ دو طرفہ معاملات میں پاکستان اور بھارت پیچھے ہٹتے جارہے ہیں جو کوئی اچھا اشارہ نہیں۔

ورکشاپ میں ’بھارت کے ساتھ کشیدگی‘ کے نام سے ہونے والے سیشن میں اسپیکرز نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں جاری اس کشیدگی پر سرحد کی دونوں جانب موجود سیاسی لیڈرشپ کو حالات کو بہتر بنانے کے لیے سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔

سرکاری سطح پر روابط قائم نہ ہونے کی وجہ سے غلط فہمیوں میں اضافے کا امکان بڑھتا رہا اور صورتحال کشیدہ ہوئی۔

آئی آئی ایس ایس میں جنوبی ایشیا کے سینئر رکن راہول رائے چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات 2008 میں ہونے والے ممبئی حملے کے بعد سے متاثر ہیں۔

انہوں نے جوہری اسلحے کے استعمال کے اشاروں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کشیدگی میں خاتمے کی امید اس وقت تک بہت کم ہے جب تک دہلی اور اسلام آباد دونوں سمجھوتہ نہیں کرلیتے۔

راہوئے رائے چوہدری نے دونوں ممالک کے اعتماد میں اضافے کے لیے 8 نکاتی پروپوزل تیار کیا جس کے بعد دونوں ممالک مذاکرات کی واپسی پر آ سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: این ایس جی ممالک غیر جانب داری کا مظاہرہ کریں،پاکستان

ان کی تجاویز میں بیان بازی میں کمی ، جنگ بندی کا اطلاق، میڈیا کی جانب سے ذمہ دارانہ رویئے کا مظاہرہ، ممبئی اور پٹھان کوٹ میں مشتبہ افراد کے ٹرائل کی جلد تکمیل، کشمیر میں بھارت کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی زیادتیوں کا خاتمہ، پاکستان کی جانب سے انسداد دہشت گردی کے آپریشنز کے دائرہ کار میں اضافہ، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے دہلی کی پرامن قرارداد کی یقین دہانی اور خفیہ ایجنسیوں میں رابطے جیسے بیک چینل ڈائیلاگ کا آغاز شامل ہیں۔

سابق سیکریٹری خارجہ ریاض کھوکھر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ’براہ راست مذاکرات‘ کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بیک چینل رابطے سے مزید غلط فہمیاں پھیل سکتی ہیں اور دونوں ملکوں کے سربراہان کو سیاسی عزم کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

آئی آئی ایس ایس کے سینئر رکن برگ بین بیری اس کشیدگی میں نان اسٹیٹ ایکٹرز کے اثرورسوخ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر یا بھارت میں غیر ریاستی اداکاروں کی جانب سے ہونے والے حملے دونوں جانب کی فوجی کارروائیوں کو تیز کردیں گے۔

تجزیہ کار حسن عسکری رضوی نے تعلقات میں بہتری کے لیے رویوں میں لچک کی اہمیت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال کو سیاسی طور پر حل کیے جانے کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، لیکن بھارتی قیادت کا مذاکرات کے لیے راضی نہ ہونا ایک بڑا مسئلہ ہے۔


یہ خبر 14 دسمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں