راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میجر جنرل محمد سعید کو ڈی جی رینجرز سندھ تعینات کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل ندیم انجم کو انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (آئی جی ایف سی)بلوچستان مقرر کردیا گیا ہے۔

ڈی جی رینجرز سندھ کی تعیناتی کا اعلان آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کے کور ہیڈکوارٹرز اور رینجرز ہیڈکوارٹرز کے دورے کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا۔

آرمی چیف نے اپنے دورہ کراچی کے دوران کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سلیپر سیلز کا بلاامتیاز خاتمہ کیا جائے گا جبکہ کراچی آپریشن کی کامیابیوں میں استحکام اور یہاں دیر پا امن کے حصول کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

میجر جنرل محمد سعید
میجر جنرل محمد سعید

یہ بھی پڑھیں: 'دہشت گردوں، ان کے سلیپر سیلز کا بلاامتیاز خاتمہ'

واضح رہے کہ چند روز قبل فوج میں اہم تبادلوں کے تحت سابق کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار کو ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹرسروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) تعینات کردیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ لیفٹننٹ جنرل بلال اکبر کو چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کیا گیا تھا جو اس سے قبل ڈی جی رینجرز سندھ کے عہدے پر تعینات تھے۔

قبل ازیں گزشتہ ہفتے لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کو کور کمانڈر کراچی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل غیور محمود کو ملٹری سیکریٹری مقرر کیا گیا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے بحیثیت کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی جگہ عہدہ سنبھالا تھا۔

مزید پڑھیں: لیفٹننٹ جنرل نوید مختار ڈی جی آئی ایس آئی تعینات

واضح رہے کہ نومبر میں وزیراعظم نواز شریف نے دو سینیئر آرمی افسران کو چیف آف آرمی اسٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کیا تھا۔

بلوچ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو چیف آف آرمی اسٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل زبیر حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کیا گیا تھا۔

29 نومبر کو جنرل راحیل شریف چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے سے سکبدوش ہوئے تھے اور جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی قیادت سنبھالی تھی۔

نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے بعد کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سندھ کے اہم عہدوں پر تبدیلی کو اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے کیوں کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں