سونے کا پیزا کھانا چاہیں گے؟

12 جنوری 2017
— فوٹو: بشکریہ آڈیٹی سینٹرل
— فوٹو: بشکریہ آڈیٹی سینٹرل

دنیا کے مختلف معاشروں میں ’پیزا‘ بہت پسند کیا جاتا ہے اور اسے کھانے کے آئٹمز میں بہت اہمیت حاصل ہے۔

پیزا کھانے کی دوسری اشیا کے مقابلوں میں نسبتاً ناصرف کم قیمت ہوتا ہے، بلکہ اسے تیار کرنا بھی آسان ہوتا ہے اور اس کا ذائقہ بھی عمدہ ہوتا ہے۔

لیکن نیویارک سٹی میں ایک ایسا ریسٹورنٹ بھی موجود ہے جہاں اس پیزا کی قیمت اتنی زیادہ ہے کہ جان کر ہر کسی کی عقل دنگ رہ جاتی ہے اور وہ بے اختیار یہ سوال کر اُٹھتا کہ آخر اس پیزا میں ایسی کیا بات ہے۔

تو جناب، اس پیزا کی اتنی زیادہ قیمت ہونے کی وجہ یہ ہے کہ اس میں 24 قیراط کا خوردنی سونا ڈالا جاتا ہے جس کے باعث اس کی قیمت چند سو ڈالرز بھی نہیں بلکہ پورے 2 ہزار ڈالرز ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک سٹی میں ساؤتھ اسٹریٹ سی پورٹ کے ’انڈسٹری کچن‘ ریسٹورنٹ میں ملنے والے اس پیزا کی تیاری میں ناصرف خوردنی سونے کا استعمال کیا جاتا ہے بلکہ اس کے دیگر اجزا بھی عام پیزے کے اجزا سے مختلف ہیں اور اس میں ڈالے جانے والی کئی چیزیں تو درآمد کی جاتی ہیں۔

ریسٹورنٹ کے مالک براؤلیو بونے کا کہنا تھا کہ ’یہ پیزا انتہائی مہنگا ہے اور اگر آپ شاہانہ کھانا کھانے کا ارادہ رکھتے ہے تو یہ آپ کے لیے ہے۔‘

آپ بھی اگر یہ منفرد لیکن سونے کا پیزا کھانا چاہتے ہیں تو پہنچ جائیں انڈسٹری کچن ریسٹورنٹ میں، لیکن یہ پیزا کھانے کے لیے آپ کو اس کا آرڈر کم از کم 48 گھنٹے پہلے دینا ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں