کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

اپ ڈیٹ 16 جنوری 2017
ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی کا 122 رنز کی اننگز کے دوران ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی
ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی کا 122 رنز کی اننگز کے دوران ایک انداز— فوٹو: اے ایف پی

پونے: ہندوستان کی ایک روزہ ٹیم کے نومنتخب کپتان ویرات کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف فتح گر اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ سچن ٹنڈولکر کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

عالمی شہرت یافتہ ہندوستانی بلے باز نے انگلینڈ کے 350 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شاندار سنچری بنا کر کپتانی کے اپنے پہلے ایک روزہ میچ کو یادگار بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا۔

انہوں نے مین آف میچ کیدر جادھو کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 200 رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ہدف کے تعاقب میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا سچن ٹنڈولکر کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

کیدر جادھو نے 120 اور کوہلی نے 122 رنز بنائے۔

سچن ٹنڈولکر نے ہدف کے کامیابی کے ساتھ تعاقب میں 14 سنچریاں بنائی تھیں لیکن کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف تین ہندسوں کی اننگز کھیل کر ہدف کے کامیاب تعاقب میں اپنی سنچریوں کی تعداد 15 کر لی ہے۔

ہدف کے تعاقب میں دونوں کی سنچریوں کی تعداد 17 ہے لیکن کامیابی سے ہدف کے تعاقب میں کوہلی عظیم بلے باز پر بازی لے گئے ہیں۔

لیکن کوہلی کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے صرف 96 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا جبکہ ٹنڈولکر کو ایسا کرنے کیلئے 232 اننگز کھیلنا پڑیں۔

ہندوستان نے 351 رنز کا ہدف حاصل کیا اور اس طرح وہ 350 یا اس سے زائد کا ہدف سب سے زیادہ تین مرتبہ حاصل کر چکی ہے، جنوبی افریقہ بھی دو مرتبہ یہ کارنامہ انجام دے چکا ہے۔

کوہلی کے ڈیبیو کے بعد سے انڈیا نے آٹھ مرتبہ 300 یا اس سے زائد کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا اور ان میں سے چھ میں کوہلی نے سنچریاں بنائیں۔

انگلینڈ نے 350 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا جو اس کا ہندوستان کے خلاف سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں