دپیکا ایرانی ہدایتکار ماجد مجیدی کی فلم سے باہر

اپ ڈیٹ 26 جنوری 2017
دپیکا پڈوکون کا شمار بولی وڈ کی کامیاب اداکاراوں میں کیا جاتا رہا ہے — فوٹو/ فائل
دپیکا پڈوکون کا شمار بولی وڈ کی کامیاب اداکاراوں میں کیا جاتا رہا ہے — فوٹو/ فائل

بولی وڈ کی شاندار اداکارہ دپیکا پڈوکون کی گزشتہ سال ہندوستان کے دھوبی گھاٹ میں کچھ ایسی تصاویر وائرل ہوئیں تھی، جنہیں ان کے مداح دیکھ کر حیران رہ گئے تھے۔

ان تصاویر میں اداکارہ شلوار قمیض پہنے ایک دیسی لڑکی کے روپ میں نظر آرہی تھیں، اور بعد ازاں رپورٹس سامنے آئیں تھیں کہ یہ تصاویر دپیکا پڈوکون کی کامیاب ایرانی ہدایت کار ماجد مجیدی کی فلم 'بیونڈ دی کلاوڈز' (Beyond The Clouds) کی شوٹنگ کے دوران کی ہیں۔

مزید پڑھیں: دپیکا پڈوکون کا ناقابل یقین روپ

تاہم دپیکا کے مداحوں کو یہ سُن کر مایوسی کا سامنا ہوگا کہ وہ اس پروجیکٹ کا حصہ نہیں ہیں، اور وائرل ہونے والی تصاویر فلم کی شوٹنگ کی نہیں بلکہ صرف ایک ٹیسٹ لُک کے لیے لی گئی تھیں۔

یہ تصاویر ممبئی کے دھوبی گھاٹ سے لی گئیں تھیں — فوٹو/ فائل
یہ تصاویر ممبئی کے دھوبی گھاٹ سے لی گئیں تھیں — فوٹو/ فائل

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ایک پریس کانفرنس کے دوران ایرانی فلم ساز ماجد مجیدی نے اعلان کیا کہ وہ 'بیونڈ دی کلاوڈز' میں دپیکا پڈوکون کے ہمراہ کام نہیں کررہے۔

انہوں نے کہا کہ 'میں دپیکا کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہوں، لیکن اس فلم کے لیے ہمیں نئے چہروں کی تلاش ہے، ایسا فیصلہ ہم نے اس لیے کیا تاکہ ہم نئے اور تجربہ کار اداکاروں کو ایک ساتھ کاسٹ نہ کریں، اس فلم میں یا تو تمام تجربہ کار اداکار شامل ہوتے یا پھر نئے چہرے، اس لیے ہم نے نئے اداکاروں کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا'۔

یہ بھی پڑھیں: دپیکا کا بولی وڈ میں سب سے بڑا افسوس

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم 'بیونڈ دی کلاوڈز' میں بولی وڈ اداکار شاہد کپور کے سوتیلے بھائی ایشان کھٹر ڈیبیو کرتے نظر آئیں گے، فلم کا میوزک اے آر رحمٰن دیں گے۔

فلم کی شوٹنگ ہندوستان کے مختلف شہروں ممبئی، دہلی اور راجھستان میں کی جائے گی۔

یہ فلم رشتوں پر مبنی ایک جذباتی کہانی ہے، جس کی ریلیز رواں سال کے آخر میں متوقع ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں