حکومت نے بھارتی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کی پاکستانی سینماؤں میں نمائش کی اجازت دے دی۔

وزیر اعظم نواز شریف کی منظوری کے بعد گزشتہ روز ملک میں بھارتی فلموں کی درآمد کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن میں بتائے گئے طریقہ کار کے مطابق بھارتی فلم درآمد کرنے والوں کو وزارت اطلاعات میں درخواست جمع کرانا ہوگی، جس میں فلم کا نام، کاسٹ اور معلومات بھی بتانی ہوگی۔

وزارت اطلاعات درخواست پر فیصلے کے بعد اسے وزارت تجارت کو بھیجے گی جہاں سے امپورٹ لائسنس جاری کیا جائے گا۔

اس کے بعد یہ درخواست سنسر بورڈ کو بھیجی جائے گی جس کی منظوری کے بعد بھارتی فلم کو پاکستان میں دکھایا جاسکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: فواد خان 'اے دل ہے مشکل' میں بدستور موجود

ڈان نیوز کے مطابق فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کی پاکستانی سینماؤں میں اسکریننگ کے لیے وزارت اطلاعات و تجارت نے اجازت دے دی اور جلد ہی سینسر بورڈ کی جانب سے بھی اس کی منظوری کے امکانات ہیں، جس کے بعد یہ فلم سینماؤں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

فلم میں بھارتی اداکاروں رنبیر کپور، انوشکا شرما اور ایشوریہ رائے بچن کے علاوہ معروف پاکستانی اداکار فواد خان نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'اے دل ہے مشکل پر پابندی سے بولی وڈ کو نقصان'

پاکستانی سینماؤں میں فلم کو گزشتہ سال اکتوبر میں نمائش کے لیے پیش کیا جانا تھا، لیکن بھارتی فلموں پر پابندی کے باعث اس کی نمائش روک دی گئی تھی۔

پاکستان میں گزشتہ سال اکتوبر میں بھارتی فلموں کی اسکریننگ پر پابندی اس وقت عائد کی گئی تھی جب بولی وڈ میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی عائد کی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں