افغانستان: خودکش کار دھماکے میں 6 افراد ہلاک

11 فروری 2017
خودکش حملے کی جگہ کا منظر — فوٹو: اے ایف پی
خودکش حملے کی جگہ کا منظر — فوٹو: اے ایف پی

قندھار: افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں خودکش کار دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ ہلمند کے شہر لشکر گاہ میں افغان فوجی اہلکار بینک سے تنخواہ لینے پہنچے تو وہاں پہلے سے موجود حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی کو دھماکے سے اڑادیا۔

حکام نے کہا کہ خودکش حملے میں خواتین و بچوں سمیت 20 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا جس کا صوبے کے بڑے علاقے پر پہلے سے قبضہ ہے اور وہ کئی بار لشکر گاہ پر قبضے کی دھمکی دے چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں دھماکا، 7 افراد ہلاک

طالبان نے حملے کو ضلع سنگین میں حالیہ امریکی فضائی حملے کا بدلہ قرار دیا۔

ہلمند پولیس چیف آغا نور کِنتوز نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ ’خودکش کار حملے میں 5 فوجیوں سمیت 6 افراد ہلاک جبکہ 21 زخمی ہوئے۔‘

صوبائی گورنر کے ترجمان عمر زَواک نے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کی، جس کے نتیجے میں کئی فوجی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دوسری جانب طالبان نے اپنی ویب سائٹ پر خودکش حملے میں شہری کے ہلاک ہونے کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حملے میں 21 افغان فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔

مزید پڑھیں: افغانستان: خود کش دھماکے میں 6 شہری ہلاک

واضح رہے کہ امریکی فوج نے رواں ہفتے ضلع سنگین میں طالبان کے خلاف شدید لڑائی کے دوران ان کے کئی ٹھکانوں پر فضائی بمباری بھی کی تھی۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا فضائی حملوں میں 10 سے زائد عام شہری بھی ہلاک ہوئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں