پشاور زلمی کی پی ایس ایل میں دوسری کامیابی

اپ ڈیٹ 13 فروری 2017
ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاورزلمی نے دوسری کامیابی حاصل کی—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاورزلمی نے دوسری کامیابی حاصل کی—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
—فوٹو: پی سی بی
—فوٹو: پی سی بی
پشاورزلمی کی ٹیم نے لاہور قلندرز کو صرف 59 رنز پر پویلین بھیج دیا—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
پشاورزلمی کی ٹیم نے لاہور قلندرز کو صرف 59 رنز پر پویلین بھیج دیا—فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی ٹاس کا سکہ اچھالتے ہوئے— فوٹو: بشکریہ پی ایس ایل
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی ٹاس کا سکہ اچھالتے ہوئے— فوٹو: بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے میچ میں پشاورزلمی نے 59 رنز کے حصول میں شدید دباؤ کے بعد لاہور قلندرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر لیگ میں لگاتار دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

لاہور قلندرز کی ناقص بلےبازی کے باعث پشاورزلمی کو ایک آسان ہدف کا سامنا تھا لیکن شروعات کچھ اچھی نہ ہوسکیں اور پہلی وکٹ دوسرے اوور میں اس وقت گری جب اسکور 4 رنز تھا، ڈیوڈ ملان کو سہیل تنویر نے آؤٹ کیا جبکہ محمد حفیظ تیسرے اوور میں سنیل نرائن کا نشانہ بنے۔

کامران اکمل نے 3 رنز بنا کر اسکور کو 24 رنز تک پہنچانے میں مورگن کا ساتھ دیا جس کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر گرانٹ ایلیٹ کو کیچ دے کر واپس چلے گئے۔

شاہد آفریدی بیٹنگ کے لیے آئے اور خلاف روایت سست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی 11 گیندوں میں صرف 3 رنز بنائے لیکن سنیل نرائن کی جانب سے کرائے گیارھویں اوور کی تیسری اور چوتھی گیند پر بالترتیب ایک چوکا اور ایک چھکا لگانے کے بعد اسی اوور کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

صہیب مقصود طویل عرصے بعد بڑے سطح پر کھیلنے کے لیے میدان میں اترے لیکن یاسر شاہ نے ان کے قدم جمنے ہی نہ دیے اور صفر پر واپس بھیج دیا۔

یاسر شاہ نے لاہورقلندرز کو ایک اہم کامیابی 23 رنز بنانے والے مورگن کو آؤٹ کرکے دلائی اور اپنے اگلے اوور میں کپتان ڈیرن سیمی کو بھی صرف تین رنز کے اضافے کے بعد چلتا کردیا اور زلمی کو شدید دباؤ سے دوچار کردیا۔

وہاب ریاض اور کرس جارڈن نے اعصاب پر قابو پاتے ہوئے وکٹ پر کھڑے رہے اور سست رفتاری سے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاورزلمی کو 17 ویں اوور کی آخری گیند پر 3 وکٹوں سے کامیابی دلادی۔

وہاب ریاض 5 اور جارڈن 3 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے یاسر شاہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، سہیل نرائن نے دو اور سہیل تنویر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے دوسری اننگز میں اوس پڑنے کے پیچ نظرٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

لاہور قلندرز کی ٹیم پشاور زلمی کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدائی اوور سے ہی شدید مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم گیارھویں اوور میں 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

لاہور قلندرز کو پہلے ہی اوور میں کپتان برینڈن مک کولم کی صورت میں نقصان برداشت کرنا پڑا جو صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ دوسرے اوور میں 9 رنز بنانے والے جیسن روئے، حسن علی کا شکار ہوئے۔

عمراکمل ایک مرتبہ پھر صفر پر آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹے تو لاہور قلندرز کی ٹیم کے 3 بلےباز صرف 9 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے، گرانٹ ایلیٹ سے لاہور کو امیدیں وابستہ تھیں لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر قیام نہ کرسکے اور 27 کے اسکور پر حسن علی کی وکٹ بن گئے۔

محمد رضوان کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا اور 11 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ سنیل نرائن بھی تین گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے۔

فخر زمان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی اور تن تنہا مزاحمت کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ٹیم کو شدید مشکل سے نکالنے میں ناکام رہے اور دوسری طرف سے آؤٹ ہوتے بلے بازوں کو دیکھتے دیکھتے خود بھی 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو قلندرز کا اسکور 59 رنز تھا جس میں کوئی اضافہ نہ ہوسکا اور عرفان بھی صفر پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

بلاول بھٹی کو شاہد آفریدی نے آؤٹ کیا جبکہ سہیل تنویر رن آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کی پوری ٹیم گیارھویں اوور میں 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

فخر زمان 33 رنز بنا کر نمایاں بلےباز رہے۔

پشاورزلمی کی جانب سے حسن علی نے 3 اور کرس جارڈن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور زلمی نے پی ایس ایل 2017 میں اپنے تیسرے میچ کے لیے ٹیم میں تبدیلی کرتے ہوئے حارث سہیل کو بٹھا کر صہیب مقصود کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا تھا۔

ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اچھے باؤلرز ہیں اور ہم حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھنا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: آملا نے کوہلی، ٹنڈولکر، پونٹنگ سب کو پیچھے چھوڑ دیا

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

لاہور قلندرز: برینڈن میک کولم(کپتان)، جیسن روئے، فخر زمان، عمر اکمل، گرانٹ ایلیٹ، سنیل نرائن، سہیل تنویز، محمد رضوان، بلاول بھٹی، یاسر شاہ اور محمد عرفان۔

پشاور زلمی: ڈیرن سیمی(کپتان)، محمد حفیظ، کامران اکمل، ڈیوڈ ملان، آئن مورگن، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، محمد اصغر، وہاب ریاض، افتخار احمد اور حسن علی۔

تبصرے (0) بند ہیں