'لاہور نہ جانے کا تعلق عمران خان کے بیان سے نہیں'

اپ ڈیٹ 07 مارچ 2017
پیٹرسن نے پہلے پلے آف میں پشاورزلمی کے خلاف 40 رنز بنائے تھے—فوٹو: پی ایس ایل
پیٹرسن نے پہلے پلے آف میں پشاورزلمی کے خلاف 40 رنز بنائے تھے—فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی کیون پیٹرسن کا کہنا ہے کہ انھوں نے لاہور نہ جانے کا فیصلہ ٹورنامنٹ سے پہلے کرلیا تھا اور اس سے عمران خان کے بیان سے تعلق نہیں۔

کیون پیٹرسن نے شارجہ میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے پہلے پلے آف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پشاورزلمی کے خلاف ایک رن سے کامیابی کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد لاہور نہ آنے کا اعلان کیا تھا۔

پیٹرسن نے پشاورزلمی کے خلاف 40 رنز کی بہترین اننگز کھیلی تھی جس کے بعد انگلینڈ کے لیے روانہ ہوگئے تھے۔

فیس بک پر مداحوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے پیٹرسن نے کہا کہ 'لاہور نہ جانے کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پرکیا اور یہ فیصلہ لیگ کے آغاز سے قبل کیا تھا'۔

انھوں نے مداحوں سے کہا کہ ان کے فیصلے کا احترام کریں کیونکہ یہ خاندان کا فیصلہ تھا۔

مزید پڑھیں: پشاورزلمی کی ٹیم پی ایس ایل چمپیئن بن گئی

پیٹرسن نے ایک سوال کے جواب میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 'ان کے فیصلے سے عمران خان کے بیان کا کوئی تعلق نہیں ہے'۔

خیال رہے کہ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق پیٹرسن نے فائنل کے لیے لاہور نہ آنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹیم انتظامیہ کو کہا تھا کہ سابق عظیم کھلاڑی اور سیاست دان عمران خان لاہور میں فائنل کی مخالفت کررہے ہیں تو وہ کیسے لاہور جاسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پیٹرسن کے لاہور آنے سے انکار کی وجہ ’عمران خان‘

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کے فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دیتے ہوئے اس کو پاگل پن قرار دیا تھا۔

تاہم پیٹرسن نے کہا کہ وہ پہلے ہی فیصلہ کرچکے تھے کہ کوئی رسک نہیں لوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'لاہور میں پی ایس ایل فائنل کے لیے شاندار انتظامات کئے گئے تھے اور خوشی ہے کہ کوئی مسئلہ نہیں ہوا'۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فائنل میں شکست پر ان کا کہنا تھا کہ 'ٹیم میں رلی روسو، ٹائمل ملز، لیوک رائٹ اور میں خود نہیں تھا جس کی وجہ سے ٹیم کمزور تھی'۔

کیون پیٹرسن نے پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل 2017 کے فائنل میں پشاورزلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 58 رنز سے شکست دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائنل لاہور میں کروانا بہت بڑا رسک: عمران خان

یاد رہے کہ پشاورزلمی کے کپتان ڈیرن سیمی سمیت ٹیم کے چار غیرملکی کھلاڑی فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آئے تھے۔

ڈیرن سیمی کے علاوہ لاہور آنے والے غیرملکی کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان، کرس جارڈن اور ویسٹ انڈیز کے مارلن سیمیولز شامل تھے۔

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے کے لیے بنگلہ دیش کے انعام الحق، جنوبی افریقہ کے مورنے وین ویک اور ریاد ایمرت، زمبابوے کے شین اروائن اور ایلٹن چیگمبورا لاہور آگئے تاہم چیگمبورا کو فائنل کے لیے ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

mudassir Mar 07, 2017 02:56pm
I love pak