'پی ایس ایل 2018 کے لیے فاٹا کی ٹیم تیارہوگی'

اپ ڈیٹ 07 مارچ 2017
پشاورزلمی نے پی ایس ایل کا دوسرا ایڈیشن جیت لیا—فوٹو: اے ایف پی
پشاورزلمی نے پی ایس ایل کا دوسرا ایڈیشن جیت لیا—فوٹو: اے ایف پی

گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ فاٹا کے باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے سیزن کے لیے فاٹا کی ٹیم بنائی جائے گی۔

قومی خبررساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق اقبال ظفر جھگڑا نے فاٹا سے تعلق رکھنے والے اساتذہ اور طلبہ کو بہترین کارکردگی پر انعامات دیے جانے کی تقریب سے خطاب کے دوران فاٹا کی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے انکشاف کیا۔

اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ فاٹا کے طلبہ میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے اور انھیں مواقع پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ 'حکومت نہ صرف نصابی سرگرمیوں میں بہتری پر توجہ دے رہی ہے بلکہ ہم نصابی سرگرمیوں کی بھی حوصلہ افزائی کررہی ہے اور اسی سلسلے میں پی ایس ایل کے تیسرے ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے فاٹا کی کرکٹ ٹیم بنائی جائے گی'۔

اس تقریب میں گورنر کے علاوہ شعبہ تعلیم کے حکام بھی شریک تھے اور اس موقع پر اپنے متعلقہ مضمون میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو نقد انعامات بھی دیے گئے۔

مزید پڑھیے:پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کا منصوبہ مسترد

یاد رہے کہ فاٹا میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے گزشتہ سال نومبر میں خیبر ایجنسی میں شاہد آفریدی کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح کردیا گیا تھا۔

پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل راحیل شریف نے پاکستان کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی اور قبائلی عمائدین کی موجودگی میں اسٹیڈیم کا افتتاح کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:خیبر ایجنسی میں شاہد آفریدی کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح

پی ایس ایل میں اس وقت پشاورزلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز پر مشتمل پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور قواعد کے مطابق تیسرے ایڈیشن تک مزید کوئی ٹیم شامل نہیں کی جاسکتی۔

پا کستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن سے قبل چھٹی ٹیم کو شامل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا تاہم پی ایس ایل کی فرنچائزوں کی جانب سے مخالفت کے بعد اس پر حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں5 مارچ کو کھیلے گئے پی ایس ایل کے فائنل میں پشاورزلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 58 رنز سے شکست دے کر دوسری چمپیئن ٹیم بننے کا اعزاز پایا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مصباح الحق کی قیادت میں لیگ کا افتتاحی ایڈیشن اپنے نام کیا تھا اور لیگ کی تاریخ کی پہلی چمپیئن ٹیم بن گئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں