دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے اسکواڈ کا اعلان

15 مارچ 2017
چیف سلیکٹر انضمام الحق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے—۔ڈان نیوز
چیف سلیکٹر انضمام الحق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے—۔ڈان نیوز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی ٹی ٹوئنٹی اور 16 رکنی ون ڈے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

میڈیا سے گفتگو میں انضمام الحق نے بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں احمد شہزاد، کامران اکمل، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، فخر زمان، سرفراز احمد، عماد وسیم، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، سہیل تنویر، وہاب ریاض، رومان رئیس اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔

دوسری جانب سرفراز احمد (کپتان)، احمد شہزاد، کامران اکمل، محمد حفیظ، بابر اعظم، حسن علی، وہاب ریاض، محمد عامر، جنید خان، فخر زمان، آصف ذاکر، عماد وسیم، شاداب خان، فہیم اشرف اور محمد اصغر ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے اسکواڈ کے انتخاب میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا اور کھلاڑیوں کی فٹنس کو معیار بنایا گیا۔

انھوں نے بتایا کہ ہم نے ٹریننگ کیمپ میں 32 کھلاڑیوں کو بلوایا تھا، جن میں سے 31 نے ٹیسٹ پاس کرلیا لیکن عمر اکمل فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کرپائے، لہذا انھیں سلیکٹ نہیں کیا گیا۔

سابق کپتان اظہر علی کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انضمام الحق نے کہا کہ وہ ایک بہت اچھے کھلاڑی ہیں، لیکن ہم نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہ رہے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ انگلینڈ میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے سینئر کھلاڑیوں پر غور کیا جائے۔

مزید پڑھیں: دورہ ویسٹ انڈیز، ٹریننگ کیمپ کیلئے 31 ناموں کا اعلان

محمد عامر کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ انھیں ریسٹ دینے کے لیے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

یاسر شاہ کو ڈراپ کیے جانے کے حوالے سے چیف سلیکٹر نے بتایا کہ اس میں فٹنس کا کوئی عمل دخل نہیں، انھیں ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

کامران اکمل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انضمام الحق نے بتایا کہ انھوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، لیکن اگر ہمیں وکٹ کیپر کی ضرورت پڑی تو کامران اکمل سے وکٹ وکیپنگ بھی کروائی جاسکتی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کے دورہ ویسٹ انڈیز کا آغاز 26 مارچ سے ہورہا ہے، اس دوران 4 ٹی ٹوئنٹی میچز اور 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

الیاس انصاری Mar 15, 2017 10:11pm
اظہر علی کو ٹیم میں اس لئے شامل نہیں کیا گیا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاھتے ہیں - چند نوجوان کھلاڑیوں کے نام درج ذیل ہیں : - محمد حفیظ شعیب ملک کامران اکمل