اے جے اسٹائلز کو ڈبلیو ڈبلیو ای نے 'برطرف' کردیا

اپ ڈیٹ 15 مارچ 2017
اے جے اسٹائلز — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
اے جے اسٹائلز — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

اگر تو آپ ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر اے جے اسٹائلز کو پسند کرتے ہیں تو بری خبر یہ ہے کہ انہیں کمپنی سے 'فارغ' کردیا گیا ہے۔

جی ہاں واقعی اسمیک ڈاﺅن لائیو میں یہ اعلان شو کے جنرل منیجر ڈینئیل برائن نے کیا۔

انہوں نے ایسا اس لیے کیا کیونکہ اے جے اسٹائلز نے اسمیک ڈاﺅن کے کمشنر شین میکموہن پر حملہ کرکے ان کا سر گاڑی کی کھڑکی پر دے مارا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوکر فرش پر گرگئے اور خون پھیل گیا۔

اس حملے کے فوری بعد ڈینئیل برائن نے اے جے اسٹائلز کا سامنا کیا اور انہیں فارغ کردیا گیا۔

اسمیک ڈاﺅن کا آغاز ہی اے جے اسٹائلز نے شین میکموہن کو رنگ میں طلب کرتے ہوئے کیا تھا کیونکہ وہ ریسل مینیا 33 میں ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ میچ کا موقع ہاتھ سے نکل جانے پر مشتعل تھے۔

بعد ازاں انہوں نے کچھ دیر بعد شین میکموہن پر حملہ کیا اور بری طرح زخمی کردیا۔

جیسا آپ نیچے ڈبلیو ڈبلیو ای کے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ کا میسج دیکھ سکتے ہیں جس میں لکھا ہے کہ ڈینئیل برائن نے آفیشلی اے جے اسٹائلز کو برطرف کردیا ہے۔

مگر کیا واقعی ایسا ہوا ہے ؟ یہ ایسا سوال ہے جس کا جواب اے جے اسٹائلز کے خلاف یہ فیصلہ سامنے آنے کے ایک گھنٹے بعد ہی مل گیا۔

شین میکموہن نے طبی امداد لینے یا ہسپتال جانے سے انکار کرتے ہوئے شو کے اختتام پر ایرینا میں آئے۔

انہوں نے اس موقع پر بس یہا کہا 'اے جے اسٹائلز کا کہنا ہے کہ اس کے پاس ریسل مینیا میں کوئی حریف نہیں، تو اب اسے مل گیا ہے'۔

اس پر پرستار حیران رہ گئے کیونکہ اگر شین میکموہن اے جے اسٹائلز کو ریسل مینیا 33 میں میچ کا چیلنج کررہے ہیں تو انہیں برطرف کرنے کا کیا مطلب ہے؟

مگر یہ یاد رکھنا چاہئے کہ یہ ڈبلیو ڈبلیو ای ہے اور یہاں کچھ بھی ہوسکتا ہے اور اے جے اسٹائلز کا شین میکموہن سے ریسل مینیا میں میچ کی افواہیں کافی عرصے سے گردش کررہی تھیں جو اب درست ثابت ہوگئی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں