کراچی: پاکستانی ماڈل و اداکار وینا ملک اور ان کے شوہر اسد خٹک کے درمیان صلح کرانے کے لیے جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم بھی میدان میں آگئے۔

جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم کا کہنا ہے کہ پاکستانی ماڈل و اداکار وینا ملک اور ان کے شوہر اسد خٹک کے درمیان بعض معاملات پر صلح ہوگئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق مفتی نعیم نے جامعہ بنوریہ کراچی میں وینا ملک اور ان کے شوہر اسد خٹک سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 'دونوں کو مزید سوچ بچار کے لیے 3 ماہ کا وقت دیا گیا ہے جبکہ صلح کے کاغذات تیار ہورہے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: وینا ملک نے اسد خٹک سے خلع لے لی

وینا ملک اور اسد خٹک نے جامعہ بنوریہ میں مفتی نعیم سے ملاقات کی، دوران ملاقات مفتی نعیم نے دونوں کے موبائل فون بھی اپنے پاس رکھ لیے تھے۔

مفتی نعیم نے جامعہ بنوریہ میں وینا ملک اور اسد خٹک دونوں کا موقف سنا اور پھر کسی نتیجے پر پہنچے۔

مفتی نعیم نے میڈیا کو بتایا کہ وینا ملک اور اسد خٹک کے درمیان کچھ معاملات پر صلح ہوگئی ہے، مکمل ہم آہنگی کے لیے اسد خٹک اور وینا ملک کو تین ماہ کا وقت دیا گیا ہے اور اس دوران اسد خٹک کچھ رقم وینا ملک کو دیں گے۔

مفتی نعیم کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'اسدخٹک نے وینا ملک کی کفالت کے بجائے اس کی تمام دولت خرچ کردی اور اسد نے وینا کی دولت اور شہرت سے فائدہ اٹھایا'۔

مزید پڑھیں: وینا ملک اور اسد خٹک کے درمیان صلح ہوگئی

اسد خٹک کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مفتی نعیم نے کہا کہ 'اگر اللہ تعالیٰ کسی کو بدلنا چاہے تو کچھ مشکل نہیں'۔

اس موقع پر اسد خٹک کا کہنا تھا کہ 'مفتی نعیم صاحب جو کہیں گے وہ ہی صحیح ہے میں ان کی ہر بات تسلیم کرتا ہوں'۔

خیال رہے کہ 11 مارچ کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وینا ملک نے اسد خٹک سے خلع لے لی ہے جبکہ ان کے وکیل نے کہا تھا کہ 'شادی کے بعد وقت کے ساتھ ساتھ اسد خٹک کا رویہ بدلتا گیا اور وہ ایک پیچیدہ سے انسان بن گئے، جس کے نظریات کچھ منفی تھے'۔

چند روز بعد معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی ثالثی پر وینا ملک نے اسد خٹک سے صلح کرنے پر آمادگی ظاہر کردی تھی۔

ویڈیو دیکھیں: اسد خٹک کا وینا ملک کیلئے ویڈیو پیغام

وینا ملک نے کہا تھا کہ ’اسد نے مجھے بہت تنگ کیا اور تکلیف پہنچائی جس کے بعد میں نے سوچ لیا تھا کہ ان سے کبھی صلح نہیں کروں گی، لیکن اگر مولانا طارق جمیل اسد کی ذمہ دارے لیتے ہیں تو میں اسد کو معاف کرنے اور ان سے صلح کرنے کے لیے تیار ہوں۔‘

اسد خٹک نے وینا ملک سے معافی مانگتے ہوئے مولانا طارق جمیل سے درخواست کی تھی کہ ’آپ میری ذمہ داری لے لیں، اب مجھ سے کوئی غلطی نہیں ہوگی، میں وینا سے بہت پیار کرتا ہوں اور زندگی بھر خوش رکھوں گا۔‘

اس پر مولانا طارق جمیل نے کہا تھا کہ’غلطی انسان سے ہی ہوتی ہے اس لیے اسد کو موقع ملنا چاہیئے۔‘

تبصرے (0) بند ہیں