ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت میں پھر اضافہ

31 مارچ 2017
پیٹرولیم مصنوعات میں گزشتہ 3 ماہ سے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے — فائل فوٹو
پیٹرولیم مصنوعات میں گزشتہ 3 ماہ سے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے — فائل فوٹو

دبئی: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے مہینے بھی اضافے کی منظوری دے دی۔

اس حوالے سے دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک ایک روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 40 پیسے اور پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 28 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔

اسحٰق ڈار نے مزید بتایا کہ قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول 74 روپے اور ڈیزل 83 روپے فی لیٹر ہوگا، فیصلے کا اطلاق رات 12 بجے سے کیا جائے گا، جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

ان کا دعویٰ تھا کہ پیٹرولیم قیمتوں میں کم سے کم اضافہ کیا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اپریل کے مہینے میں 3 ارب کا بوجھ حکومت برداشت کرے گی۔

خیال رہے گزشتہ 3 ماہ سے مسلسل پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

دسمبر 2016 میں پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے اضافے کا اعلان کیا گیا تھا، بعد ازاں جنوری 2017 میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 25 پیسے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 26 پیسے فی لیٹر بڑھائی گئی تھی جبکہ گزشتہ ماہ فروری 2017 میں پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 71 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 58 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں