اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزارت داخلہ کے تمام حکام کو امیگریشن کے قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ایئرپورٹ پر عارضی قیام کے نام پر ویزا کے اجرا کا عمل فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ ’اگرچہ امیگریشن اور ویزوں کے اجرا کے حوالے سے کافی اچھا کام کیا جاچکا ہے، تاہم نظام میں اب بھی موجود خامیوں کو دور کرکے اس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ویزوں کے اجرا سے متعلق کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ اس سے سنگین بےقاعدگیاں جنم لے سکتی ہیں، جبکہ عوامی مسائل حل کرنے میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔‘

چوہدری نثار نے متعلقہ حکام کو ویزا قوانین پر نظرثانی اور انہیں اپ ڈیٹ کرنے کا حکم دیا اور ساتھ ہی ویزا کے اجرا کے عمل کو شفاف اور سہل بنانے کے لیے آن لائن ویزا کا عمل شروع کرنے بھی ہدایت دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مرکزی ویزا ڈیٹابیس ضروری ہے کیونکہ اس سے ریاستی ادارے کسی بھی ویزا کٹیگری کے تحت پاکستان سے سفر کرنے والے تمام افراد کا ریکارڈ محفوظ کرسکے گی۔‘

انہوں نے امیگریشن اور بارڈر منیجمنٹ وِنگ کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے الگ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ایف آئی اے کا بنیادی کام وائٹ کالر جرائم کی تحقیقات کرنا ہے۔‘

سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد میں ملوث افراد سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ’گستاخانہ اور دہشت گردی سے متعلق مواد کی تشہیر ناقابل برداشت ہے۔‘

انہوں نے ہدایت کی کہ ’ایف آئی اے سماجی میڈیا سے گستاخانہ مواد نکالنے تک پی ٹی اے سے تعاون جاری رکھے اور ایسے اقدامات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے لیے متعلقہ ممالک سے قانونی مدد بھی لی جائے۔‘

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں