اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے زیاؤہونگ یانگ کو پاکستان کے لیے کنٹری ڈائریکٹر نامزد کردیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے (اے پی پی) کے مطابق اے ڈی بی کی جانب سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا، 'زیاؤہونگ یانگ 24 اپریل سے پاکستان میں بینک کی پہلی خاتون کنٹری ڈائریکٹر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گی'۔

واضح رہے کہ زیاؤہونگ یانگ اس عہدے کے لیے نامزد ہونے والی پہلی چینی شہری بھی ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی وسطی اور مغربی ایشیا کی ڈائریکٹر جنرل سین او سلیوان کا کہنا تھا، 'زیاؤہونگ یانگ کی پاکستان کے لیے نئی کنٹری ڈائریکٹر کے طور پر نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے'۔

او سلیوان کا مزید کہنا تھا، 'پاکستان کی موجودہ ترقی قابل ستائش ہے، یہاں کی مزید اقتصادی اور ساختی اصلاحات اور نئے ابھرتے ہوئے مواقعوں کے ساتھ زیاؤہونگ یانگ اپنی اسٹریٹیجک قائدانہ صلاحیت اور قابل قدر تجربے کے ساتھ اہم تبدیلیاں لائیں گی'۔

واضح رہے کہ زیاؤہونگ یانگ پاکستان کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری پارٹنر شپ اسٹریٹیجی 19-2015 پر عملدرآمد کی سربراہی کریں گی، جس کا بنیادی مقصد انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ اور اداروں میں اصلاحات لانا ہے۔

زیاؤہونگ یانگ، پاک-چین اقتصادری راہداری منصوبے (سی پیک) اور سینٹرل ایشین ریجنل کوآپریشن (کارک) جیسے منصوبوں میں معاونت کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کے آپریشنز کی سربراہی کریں گی۔

مزید پڑھیں: سیما کامل کسی بڑے پاکستانی بینک کی پہلی خاتون سربراہ

اس حوالے سے ان کا کہنا تھا، 'پاکستان معاشی طور پر ایک تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ملک ہے اور اے ڈی بی اس ملک کی معیشت کو سنوارنے اور یہاں توانائی، ٹرانسپورٹ، زراعت، شہری سہولیات اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپس کے ذریعے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے میں مصروف عمل ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستانی حکومت، نجی شعبے، ڈیولپمنٹ پارٹنرز، سول سوسائٹی اور دیگراسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

زیاؤہونگ یانگ نے 1999 میں ایشیائی ترقیاتی بینک میں شمولیت اختیار کی تھی، انھوں نے 1994 سے 1998 کے دوران ورلڈ بینک میں بھی خدمات سرانجام دیں۔

انھوں نے بیجنگ یونیورسٹی سے اکنامکس میں گریجویشن کی اور شنگھائی یونیورسٹی آف فنانس اینڈ اکنامکس سے انٹرنیشنل فنانس میں بیچلرز ڈگری حاصل کی۔

زیاؤہونگ یانگ سے قبل پاکستان کے کنٹری ہیڈ ورنر ای لی پیچ تھے، جو یہاں 2011 سے تعینات تھے، وہ اب فلپائن میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ہیڈکوارٹرز میں خدمات سرانجام دیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں