بولی وڈ میں بڑا نام کمانے والے چند فنکاروں میں ایک اہم نام پاکستان کے کامیاب گلوکار عاطف اسلم کا ہے، جن کی آواز کے پاکستان کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں بھی لوگ دیوانے ہوگئے ہیں۔

عاطف اسلم نے ایک اور بولی وڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ کے لیے نیا گانا ’حور‘ گایا، اس فلم میں پاکستان معروف اداکارہ صبا قمر ڈیبیو کرنے جارہی ہیں۔

اپنے گانے ’حور‘ کے حوالے سے عاطف اسلم کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’یہ گایا میرے دل سے بےحد قریب ہے، یہ میرا اس سال کا سب سے بڑا گانا بھی ہے‘۔

خیال رہے کہ عاطف اسلم نے بولی وڈ فلم ’بدلہ پور‘ میں بھی ایک گانا ’جینا جینا‘ گایا تھا، جسے مداحوں کی خوب داد وصول ہوئی۔

مزید پڑھیں: صبا قمر کی ’ہندی میڈیم‘ کا دوسرا گانا، عاطف اسلم کی آواز

اس حوالے سے عاطف اسلم نے مزید کہا کہ ’یہ گانا اور بھی خاص اس لیے ہے کیوں کہ میرے گانے جینا جینا کی مکمل ٹیم اس گانے کے لیے اکھٹی ہوئی ہے‘۔

عاطف اسلم کے مطابق ’جینا جینا گانے کو بےحد پسند کیا گیا تھا، اس کے کمپوزرز سچن اور جگر نے بہترین کام کیا تھا، امید ہے شائقین حور گانے کو بھی اتنا ہی پسند کریں‘۔

واضح رہے کہ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں بولی وڈ اداکار عرفان خان صبا قمر کے شوہر کا کردار ادا کریں گے۔

فلم ’ہندی میڈیم‘ رواں سال 12 مئی کو ریلیز ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں