قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں 15 رکنی پارلیمانی وفد پاکستان اور افغانستان کے درمیان تناؤ میں کمی کے لیے افغانستان روانہ ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق سردار ایاز صادق افغان صدر اشرف غنی اور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

پاکستان میں تعینات افغان سفیر عمر زاخیل وال نے پارلیمانی وفد کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین کئی معاملات پر غور اور تبادلہ خیال کریں گے۔

پاکستانی پارلیمانی وفد کے اس دورے کو اہمیت دی جارہی ہے کیونکہ یہ ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے، جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔

پاکستان نے رواں سال فروری میں درگاہ لعل شہباز قلندر میں خودکش حملے کے نتیجے میں 90 افراد کی ہلاکت کے بعد افغانستان کے ساتھ منسلک اپنا سرحدی علاقہ بند کردیا تھا۔

پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے یہ فیصلہ دہشت گردی کے حملوں میں افغانستان میں موجود دہشت گرد گروپ کے ملوث ہونے اور اس کے خلاف افغان حکومت کی جانب سے کارروائی نہ کرنے کے باعث کیا گیا۔

تاہم کابل نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کے لیے پاکستان کو تعاون کی پیشکش کی تھی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Apr 30, 2017 02:16am
ھم اس دورے کو خوش آئند سمجھتے ھیں ھم امید رکھتے ھیں کہ اس قسم کے دوروں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری اسکتی ھے اسطرح کے مزید دورے بھی ھونے چاہئے افعانستان پڑوسی ملک ھے ان کے ساتھ اچھے تعلقات پاکستان کیلئے بہتر ھونگے